168

حکومت پنجاب کی ہدایات پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال میں ہفتہ صحت کا آغاز کر دیا گیا۔۔۔ چکوال کی مزید خبریں

چکوال( بیوروچیف)حکومت پنجاب کی ہدایات پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال میں ہفتہ صحت کا آغاز کر دیا گیا، ڈپٹی کمشنر چکوال ڈاکٹر عمر جہانگیر نے ہیلتھ میلے کا افتتاح کیا، ہیلتھ میلہ چوبیس فروری تک جاری رہے گا۔ڈپٹی کمشنر چکوال نے افتتاح کے بعد ہیلتھ میلہ میں لگائے گئے مختلف بیماریوں کے کاﺅنٹرز کا معائنہ کیا ،ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال ڈاکٹر اسماءانصاری، ڈی ایم ایس ڈاکٹر انجم قدیر، ترجمان ڈاکٹر محمد مسعود الحسن نے ڈپٹی کمشنر چکوال کو بریفنگ دی۔ہفتہ صحت کے دوران ہیپاٹائٹس،شوگر ، ٹی بی اور دیگر مختلف بیماریوں سے بچنے، آگاہی فراہم کرنے اور علاج کے لیے عملے کو متحرک کیا گیا ہے۔ مختلف بیماریوں کے سکریننگ ٹیسٹ مفت کیے جا رہے ہیں۔

چکوال(بیوروچیف)پی ٹی آئی کے سرگرم رہنما اور سابق امیدوار برائے صوبائی اسمبلی راجہ طارق افضل کالس کو پی ٹی آئی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا ممبر نامزد کر دیا گیاہے۔ جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔راجہ طارق افضل کالس کوٍان کی خدمات کے سلسلہ میں قائد تحریک انصاف عمران خان کی ہدایت پر سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا ممبر نامزد کیاگیا۔

چکوال(بیوروچیف)منشیات فروشی کے خلاف چلائی جانے والی مہم کے دوران سٹی پولیس نے شاہ ملتانی سے منشیات فروش کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لی، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ سٹی انسپکٹر اظہر حسین شاہ کی نگرانی میں پولیس پارٹی نے اچانک چھاپہ مارا اور منشیات فروش محمد عاقب کو گرفتار کر کے اس کے قبضہ سے ایک کلو ایک سو بیس گرام چرس برآمد کر لی۔ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کے لیے نارکوٹکس انویسٹی گیشن یونٹ کے حوالے کر دیا گیا۔

چکوال(بیوروچیف)نوجوان شخصیت راجہ محمد طیب فاروق کی دعوت ولیمہ بڑے اجتماع میں تبدیل ہو گئی اور تحریک انصاف کی نامور شخصیات سمیت سیاسی و سماجی شخصیات اور دیگر نے شرکت کی۔راجہ محمد طیب فاروق، راجہ محمد ازرم خان کے صاحبزادے اور پی ٹی آئی حلقہ پی پی بیس کے سرگرم رہنما راجہ محمد فاروق کے بھتیجے ہیں۔ دعوت ولیمہ میں جن نامور اور معروف شخصیات نے شرکت کی ان میں نائب صدر پی ٹی آئی نارتھ پنجاب راجہ یاسر سرفراز خان،ایڈیشنل سیشن جج راجہ شاہد ضمیر ،سابق صوبائی وزیر و رہنما پی ٹی آئی فوزیہ بہرام، ضلعی صدر پاکستان پیپلزپارٹی سردار اظہر عباس،سابق ایم پی اے چوہدری اعجاز حسین فرحت،سابق امیدوار تحریک انصاف راجہ طارق افضل کالس، سابق ممبر ضلع کونسل ملک فدا حسین، بانی رہنما پی ٹی آئی ملک شاہد اقبال ایڈووکیٹ، رہنما پی ٹی آئی چوہدری تیمور علی خان ایڈووکیٹ، چوہدری نوشاد علی خان، چیئرمین یونین کونسل راماں تحصیل گوجر خان چوہدری سرفراز خان، میجرراجہ محمد ارشد خان کالس، راجہ احمد خان کالس، ملک حفیظ انجم، ملک محمد عرفان، رہنما پی ٹی آئی عامر نوید قاضی سیٹھ محمد عرفان، پریس سیکرٹری پی ٹی آئی ملک عبدالخالق اور دیگر شامل ہیں۔ شرکاءنے راجہ محمد طیب فاروق کو زندگی کا نیا سفر شروع کرنے پر مبارکباددی۔

چکوال(بیوروچیف)چک نورنگ میں دو گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 13افراد زخمی ہو گئے۔جن میں سے6افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔جاوید گروپ اور نعیم گروپ کے درمیان جھگڑا ہوا جو شدت اختیار کر گیا، دونوں طرف سے لاٹھیوں کا استعمال کیا گیا جس کی وجہ سے محمد جاوید ،عاقب جاوید، الیاس، محمد اسلم، وقاص اسلم اور شہباز جاوید سمیت تیرہ افراد زخمی ہو گئے ،ایک شخص کے کان کٹنے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ریسکیو1122نے زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال منتقل کیا جہاں پر میڈیکل رپورٹ کی روشنی میں دونوں گروپوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیاہے۔

چکوال(بیوروچیف)صوبائی ڈائریکٹرحرا سکولز محمودالحسن نے کہا ہے کہ کوئی ملک یا معاشرہ اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک اعلیٰ تعلیم حاصل نہ کر لے۔ ہمارا المیہ یہ ہے کہ ہمارے ملک میں تعلیم کو ہمیشہ نظر انداز کیا گیا ،اس وقت ہمارا ملک بجٹ کا ایک اعشاریہ سات فیصد تعلیم پر خرچ کر رہا ہے اور آخری صفوں میں شامل ہے، غربت، جہالت اورکرپشن سمیت تمام بڑی برائیاں تعلیم کی کمی کی وجہ سے ہےں۔ یہی وجہ ہے کہ خواندگی کی شرح بڑھنے کی بجائے کم ہو رہی ہے۔ وہ محلہ سرگوجرہ میں حرامونٹیسوری سکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر حرا سکولز مین کیمپس کے ڈائریکٹرنعمان ظفراور صداقت حسین بھی موجود تھے ،صوبائی ڈائریکٹر حرا سکولز محمودالحسن کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں حرا سکولز کی 225سے زائد برانچیں کام کر رہی ہیں اور ہم اسے تجارتی بنیادوں پر نہیں بلکہ ایک مشن کے تحت کام کر رہے ہیں، تعلیم کے ساتھ اچھی تربیت ہمارا مشن ہے ،محمودالحسن کا کہنا تھا کہ بچے کی زندگی کے ابتدائی سال اہمیت کے حامل ہوتے ہیں اور پہلے چھ سالوں میں بچے کے مستقبل کی بنیاد رکھی جاتی ہے ،اچھا انسان ،اچھے تعلیمی ادارے اور تربیت کی بدولت بنتا ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پرنسپل حرا سکولز ماہر تعلیم محمد اشرف آصف کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ تعلیمی ادارے شخصیت کی بنیاد رکھتے ہیں۔ اچھی بنیاد پلے گروپ سے شروع ہوتی ہے ۔پلے گروپ اور نرسری کے تقاضے جاننے والی ٹیچرز ہی طلباءو طالبات کو اچھی تعلیم فراہم کر سکتے ہیں ۔اس موقع پر غزالی سکولز سسٹم کے نگران اور ڈائریکٹر حرا مونٹیسوری سکولز صداقت حسین نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ حرا فاﺅنڈیشن کے تحت چلنے والے ادارے دیگر تعلیمی اداروں کی نسبت اعلیٰ اور معیاری تعلیم فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حرا مونٹیسوری سکول میں پلے گروپ، نرسری اور پریپ تک تعلیم دی جائے گی اور تینوں کلاسوں میں ساٹھ سے نوے طلباءو طالبات داخل کیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں