102

افغانستان میں امریکا ناکام ہو چکا ہے،پاکستان کو دہشت گردوں سے محفوظ بنالیا: مشیر قومی سلامتی

کوئٹہ(پاکستان اپ ڈیٹس ) مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ نے کہا ہے کہ اپاکستان نے اپنی سرحدوں کو دہشت گردوں سے محفوظ بنالیا ہے اور اب افغانستان کو بھی اپنی سرحدوں کی سخت نگرانی کی ضرورت ہے۔مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ نے بلوچستان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان طالبان کے ساتھ تھا تو آج ہم ان کے خلاف جنگ کیوں لڑ رہے ہیں اسی طرح امریکا کی جانب سے ہم پر طالبان اور حقانی گروپ کی پشت پناہی کا بھی الزام لگایا جاتا رہا ہے جب کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں اس کے باوجود جب نائن الیون ہوا تو ہمیں نشانہ بنایا گیا۔ناصر جنجوعہ نے کہا کہ افغانستان میں امریکا ناکام ہو چکا ہے اور اب حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ امریکا کو افغانستان میں جنگ جیتنے کی کوشش کرنے کے بجائے جنگ ہی ختم کردینا چاہیے جس سے خطے میں پائیدار امن قائم ہونے کے امکانات زیادہ روشن ہوجائیں گے، پاکستان نے اپنی سرحدوں کو دہشت گردوں سے محفوظ بنالیا ہے اب افغانستان کو بھی اپنی سرحدوں کی سخت نگرانی کی ضرورت ہے۔مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ پاکستان کی بات کی جائے تو اس سے خوبصورت ملک اور کوئی نہیں کیونکہ اس نے ہمیں پاکستانی بنایا، کراچی ہمارے لیے چیلینج تھا جہاں امن قائم کرنے کے لیے ہمیں درجنوں آپریشن کرنے پڑے ہیں اور آج کا کراچی ایک مختلف کراچی ہے، میں سب کو دل کی گہرائیوں سے نو روز کی مبارک باد دیتا ہوں، آج ایک اہم دن ہے جس دن ہمیں مل کر مستقبل کی منصوبہ بندی کرنی ہے۔تقریب سے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے بھی خطاب کیا، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں جس کے لیے تعلیمی میدان اور صحت کے مراکز پر کام کیا ہے، برسوں کی محنت اور سیکیورٹی اہلکاروں کی لازوال قربانیوں کے بعد بلوچستان میں زندگی واپس لوٹ آئی ہے، ہم نے عہد کیا ہے کہ بلوچستان کو ایک ترقی یافتہ صوبہ بنائیں گے، یہ ہماری اولین ذمہ داری ہے جسے ہم ضرور نبھائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں