225

پاکستانی قوم اور فوج کی انتہاءپسندی اور دہشت گردی کے خلاف قربانیاں قابل ستائش ہیں: امام کعبہ الشیخ عبد الرحمن السدیس

پاکستانی قوم اور فوج کی انتہاءپسندی اور دہشت گردی کے خلاف قربانیاں قابل ستائش ہیں، پاکستانی علماءنے انتہاءپسندی اور دہشت گردی کے خلاف بھر پور کردار ادا کرتے ہوئے اسلام کے پیغام اعتدال کو پھیلانے کی جدوجہد کی ہے ، یہ بات ریاست حرمین الشریفین کے سربراہ امام کعبہ الشیخ عبد الرحمن السدیس نے پاکستان علماءکونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی سے ملاقات کے دوران کہی ، امام حرمین الشریفین الشیخ عبد الرحمن السدیس نے کہا کہ مسلم امتہ کی وحدت اور اتحاد خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ان کے ولی عہد امیر محمدبن سلمان کی پہلی ترجیح ہے ، پاکستان ہر سعودی کے دل میں بستا ہے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امن سے کھیلنے والی قوتوں کے خلاف پاکستانی فوج اور قوم نے بے نظیر جدوجہد کی ہے ، انہوں نے کہا کہ ارض الحرمین الشریفین کے دفاع ، سلامتی اور استحکام کیلئے پاکستانی قوم کے جذبات قابل قدر اور تحسین ہیں ، انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت اور فرقہ وارانہ تشدد پھیلانے والی قوتیں مسلمانوں کی دوست نہیںہو سکتیں ۔پاکستان علماءکونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ مسلمانوں کی وحدت اور اتحاد کا مرکز ارض الحرمین الشریفین ہے اور پاکستانی قوم کبھی بھی ارض الحرمین الشریفین کے امن سے کھیلنے والی قوتوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گی ، انہوں نے کہا کہ جو لوگ مکہ مدینہ کو عالمی شہر بنانے کا مطالبہ کر رہے ہیں وہ قرآن و سنت کی تعلیمات سے نا واقف ہیں ، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستانی فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کا سعودی عرب کی سلامتی ، استحکام اور دفاع کو مضبوط بنانے اور سعودی افواج کی تربیت اور مشاورت کیلئے مزید پاکستانی فوجی ارسال کرنے کا اعلان کر کے پاکستانی قوم کے جذبات کی ترجمانی کی ہے ، انہوں نے کہا کہ حرمین الشریفین کی خدمت کیلئے آل سعود کا کردار قابل ستائش ہے ، امام کعبہ الشیخ عبد الرحمن السدیس نے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی ارض الحرمین الشریفین اور عالم اسلام کیلئے جدوجہد کو سراہتے ہوئے انہیں اپنے ہاتھوں سے مثلہ عربی چوغا پہنچایا جس پر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے ان کا شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں