77

ہمیں پوری قوم کو دوقومی نظریہ کی بنیاد پر ایک لڑی میں پرونا اور ترقی و کامیابی کے راستے پر گامزن کرنا ہے:سیف اللہ خالد

سرگودھا (پاکستان اپ ڈیٹس )ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے کہا ہے کہ ملی مسلم لیگ خدمت انسانیت اور اصلاح کا مشن لے کر سیاست میں قدم رکھ رہی ہے۔ہمیں پوری قوم کو دوقومی نظریہ کی بنیاد پر ایک لڑی میں پرونا اور ترقی و کامیابی کے راستے پر گامزن کرنا ہے۔ 73کے آئین میںقر آن و سنت کو بالا قانون کہا گیا ہے۔ہم ملک میں73کے آئین کے تحت قانون کی عملداری اور صوبائیت، لسانیت، عصبیت کے جھگڑے اور مفادات کی سیاست ختم کر کے اخوت اوررواداری کی فضا پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ہم قومی و ملی وحدت کو پروان چڑھائیں گے۔تعلیم و معیشت کے نظام کو بہتر کریں گے اور پاکستان جن مسائل کا شکار ہے ان کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرگودھا کے مقامی ہا ل میں احیائے نظریہ پاکستان سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیمینار سے ملی مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل شیخ فیاض،پروفیسر امجدرشید،ملک شعیب اعوان،مولانا ضیاءالحق بندیالوی،شمس نوید چیمہ،حامد رضا وڑائچ، رانا محمد بوٹانے بھی خطاب کیا۔سیمینار میں قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں،یونین کونسلز کے چیئرمین،وائس چیئرمین،کونسلرز،تاجر،وکلائ،کسان سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔سیف اللہ خالد نے کہا کہ پاکستان کا قیام ایک اسلامی فلاحی ریاست کے طور پر ہوا تھا اس لئے وطن عزیز پاکستان کو نظریاتی بنیادوں پرمستحکم اور ہر چیز کو اسلامی اصولوں کے مطابق ہم آہنگ کرنا بہت ضروری ہے۔ملی مسلم لیگ آج یہی ایجنڈا لے کر میدان میں اتری ہے۔ہمارا المیہ ہے کہ دولت اور کرپشن کے بل بوتے پر بر سر اقتدار آنے والا طبقہ جمہوریت کی حکمرانی کی باتیں تو کرتا ہے لیکن عملی طور پر جمہور کی عمل داری کہیں نظر نہیں آتی۔ملک میں موروثی سیاست اور کرپشن کو رواج دیاگیا ہے۔حکومت سازی کے عمل میں عوام کا کوئی کردار نہیں ہوتا۔سینٹ اور اسمبلیوں میں عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والے ممبران کی بولیاں لگائی جاتی ہیں اس سے پوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملی مسلم لیگ خدمت انسانیت اور اصلاح کا مشن لے کر سیاست میں قدم رکھ رہی ہے۔ہماری منزل فقط حصول اقتدار نہیں بلکہ قوم کے ہر فرد کو اس بات کا شعور دینا ہے کہ پاکستان کس مقصد کے لئے حاصل کیا گیا تھا ؟۔ ہم سمجھتے ہیں کہ جمہور میں اس شعور کی بیداری ہی پاکستان کی ترقی اور بقا کی ضامن ہے۔ ہمیں پوری قوم کو دوقومی نظریہ کی بنیاد پر ایک لڑی میں پرونا اور ترقی و کامیابی کے راستے پر گامزن کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اسلامی جمہوریہ پاکستان کے عوام کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ اس مقدس مشن میں ہمارے ساتھ قدم سے قدم ملا کر کھڑے ہوں اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ ملی مسلم لیگ اقلیتوںکے حقوق کی حفاظت کرے گی۔پاکستان لاالہ الاللہ کے نور سے منور ہو گا اور عالم اسلام کی قیادت کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں