96

ریسکیو 1122کے ملازمین جنہوں نے گذشتہ سال اچھی کارکردگی پیش کی کے اعزاز میں تقسیم انعامات کی تقریب کا انعقاد۔۔۔چکوال کی مزید خبریں

چکوال (عبدالغفور منہاس سے)ریسکیو 1122کے ملازمین جنہوں نے گذشتہ سال اچھی کارکردگی پیش کی کے اعزاز میںتقسیم انعامات کی تقریب کا انعقاد کیاگیا،س موقع پرADC(G)شجاع قطب اورسماجی شخصیت راجہ مجاہد افسر چیف وارڈن سول ڈیفنس نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر عتیق احمد خان نے اس موقع پرریسکیو رز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام ریسکیورز مبارکباد کے مستحق ہیں جن کی شب و روز محنت اور خدمت خلق کے جذبہ کی وجہ سے چکوال چھوٹا ضلع ہونے کے باوجودپنجاب بھر میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے،انہوں نے کہا ایورڈز کے حق دار تمام ریسکیورز ہیں جو ہر ایمرجنسی میں ایک دوسرے کے معاون کر اور علاقہ کے لوگوں کی جان و مال کو محفوظ بنانے کے لئے اپنی جانوں کو خطرات میں ڈال کرمدد کے لئے پہنچتے ہیں۔راجہ مجاہد افسر ، ADC(G)شجاع قطب اور دیگر مقررین نے ریسکیورز سے خطاب کے دوران کہا کہ یہ واحد ادارہ ہے جس کو ہر خاص و عام اس کی کارکردگی کی وجہ سے چاہتا ہے،ہم دعا گو ہیں کہ ریسکیو 1122اسی طرح لوگوں کی خدمت میں اپنا مقام پیدا کرتا رہے اور کسی مشکل گھڑی میں عوام کاسہارا بنا رہے مقررین نے ایوارڈز اور سرٹیفکیٹس وصول کرنے والے ریسکیوز کو مبارکباد پیش کی،ڈاکٹر اشفاق احمد ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسراٹک،ڈاکٹر انجم قدیرڈی ایچ او ہیلتھ، ڈاکٹر منیر احمد لنگاہ نائب صدر PMA،کامران رشید انچارج ایمرجنسی آفیسر مری،ملک ندیم ڈی ایس پی ٹریفک،طالب حسین ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس،ADC(G)شجاع قطب اورسماجی شخصیت راجہ مجاہد افسر چیف وارڈن سول ڈیفنس نے گذشتہ سال اچھی کارکردگی پیش کرنے والے5 ریسکیورز محمد عدنان DR ،محمد اکرامLTV،سجاد حسین EMT،احمد فرازFR،ذیشان حسن CTWOمیں شیلڈز اور کیش پرائز تقسیم کئے، گذشتہ سال شروع ہونے والی پیشنٹ ٹرانسفر سروس میں بہتریں ڈیوٹی کرنے والے 10ڈرائیورز کو سرٹیفکیٹس دئیے گئے ،گذشتہ سال بہترین شفٹ انچارجز کی شیلڈزآصف عمران، بلال،مصدق حسین،عاشق حسین اور نعمان کودی گئیں، بیسٹ ریسکیو محافظ کا ایوارڈ محمد وقار یوسف کو دیا گیا،جبکہ کمیونٹی سروسز کے لئے کام کرنے والے 14بہترین ریسکیورز کو سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا،محمد فہیم اور محمد اکرم کوبہترین کمیونٹی انسٹرکٹر کے سرٹیفکیٹس دیئے گئے، اس موقع پرلاہور میں منعقدہ سارک ممالک پر مشتمل چیلنج اچھی کاکردگی دکھانے والے 2ریسکیورز کو بھی سرٹیفکیٹس دیئے گئے اس کے علاوہ ڈیوٹی کے دوران زخمی ہونے والے ریسکیورز محمد عدنان ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن کو ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈ سے نوازا گیا، تمام شعبہ جات کے انچارجز کوشیلڈز پیش کیںجن میںرانا سعید احمدایمرجنسی آفیسر، ماریہ کامران ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر، مرید سلطان کنٹرول روم انچارج،ارسلان ادریس اسٹیشن کوارڈینیٹر،فیصل محمود ٹرانسپورٹ مینٹیننس انسپکٹر،وقار علی اکاﺅنٹنٹ،خرم منظور میڈیا کوآرڈینیٹر،ارشد محمود سٹور انچارج شامل ہیں,پروگرام کے اختتام پرڈاکٹر عتیق احمد خان نے مہمان خصوصی اور دیگر مہمانوں کو یادگاری شیلڈز پیش کیں ،تمام ریسکیو سٹاف کی جانب سے ڈسٹرکٹ آفیسر ریسکیو 1122چکوال کو یاد گاری شیلڈ پیش کی گئی،ایمرجنسی آفیسر رانا سعید احمد نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ،اس موقع کر ریسکیورز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

چکوال(بیو رو رپورٹ)تلہ گنگ روڈ پر ذائقہ ہوٹل کے قریب پانچ سالہ بچہ گھر میں پانی کی ٹینکی میں گر کر جاں بحق ہو گیا۔ پانچ سالہ محمد بلال ولد حبیب الحسن گھر میں کھیل رہا تھا کہ اس دوران پانی کی ٹینکی میں گر گیا۔ جسے اپنی مدد آپ کے تحت ٹینکی سے نکالا گیا تو وہ دم توڑ چکاتھا۔ ریسکیو 1122کے امدادی کارکن موقعہ پر پہنچے اور ضروری کاروائی کے بعد لاش کو ورثاءکے حوالے کر دیا۔

چکوال(بیو رو رپورٹ)محکمہ تعلیم میں اساتذہ کے تبادلوں پر 23اپریل تک توسیع کر دی گئی اب اساتذہ 23اپریل تک تبادلوں کے لیے درخواستیں جمع کروا سکیں گے جبکہ ٹرانسفر آرڈر اگلے ماہ23مئی تک جاری کیے جائیں گے اوراس کے بعد تبادلوں پر مکمل طور پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔

چکوال(بیو رو رپورٹ)الیکشن کمیشن نے حلقہ پی پی20کے ضمنی الیکشن میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مقدمہ کی سماعت میاں حمزہ شہباز شریف کے پیش نہ ہونے کی وجہ سے 10مئی تک ملتوی کر دی گئی۔ ایم این اے میجر(ر) طاہر اقبال خود پیش ہوئے جبکہ ایم پی اے چوہدری سلطان حیدر علی خان اور وائس چیئرمین ضلع کونسل چوہدری خورشید بیگ کی طرف سے سید عرفان زیدی ایڈووکیٹ اور ایم پی اے سردار ذوالفقار دلہہ کی طرف سے چوہدری زبیر ایڈووکیٹ نے وکالت نامے داخل کرائے ،ایم این اے میاں حمزہ شہباز شریف نہ خود پیش ہوئے نہ وکالت نامہ جمع کرایا جس پر سماعت10مئی تک ملتوی کر دی گئی۔

چکوال(بیو رو رپورٹ)تحریک لبیک پاکستان راولپنڈی ڈویژن کے امیر سید عنایت الحق شاہ سلطان پوری اور دیگر عہدےداران سے ضلع چکوال کے عہدےداران نے ملاقات کی ،ضلع چکوال سے ملاقات کرنے والے عہدےداران میں سید تصدق منظور شاہ ،میجر یعقوب سیفی، پیر حسنین شاہ ،زین العابدین رضوی، تفسیراقبال قادری شامل تھے۔ ملاقات میں آمدہ الیکشن اور تازہ ترین صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ جبکہ تنظیم سازی کو فعال بنانے اور ضلعی و تحصیل دفاتر بنانے کے لیے ضلعی تنظیم کو ہدایات جاری کی گئیں۔

چکوال(بیو رو رپورٹ)خوف اور دہشت کی علامت چھرا گروپ کا سرغنہ پکڑا گیا ،تھانہ سٹی میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ354کے تحت مقدمہ درج کر کے جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیاگیا۔ چھراگروپ گزشتہ چند روز سے چکوال شہر میں خوف و دہشت کی علامت بنا ہوا تھا ،محلہ فاروقی میں دو جوانسالہ لڑکیوں پر مختلف اوقات میں چھرا گروپ نے موٹرسائیکل پر چلتے ہوئے پیٹھ میں چھرے گھونپے اور انہیں شدید زخمی کیا جنہیں تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال چکوال داخل کرایا گیا ہے۔ انسپکٹر زراعت بلوچ نے ٹیم کے ہمراہ ملزم اسد بلال کو گرفتار کر کے دوران تفتیش موٹرسائیکل بھی برآمد کرلیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم ذہنی مریض اورایلومینیم کا کاروبار کرتا ہے اور چتال کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔

چکوال(بیو رو رپورٹ)دارالعلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ شریف کے 1967ءسے 2018ءتک کے تمام طلباءاور اساتذہ کا شاہین کنونشن 21اپریل بروز ہفتہ منعقد ہوگا۔ جس کی صدارت وفاقی وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر محمد امین الحسنات شاہ کرینگے ۔ ملک اور بیرون ممالک سے نامور شخصیات اور دارالعلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ شریف کے فارغ التحصیل شاہین حضرات شرکت کرینگے۔ ناظم الکرم فرینڈز ضلع چکوال محمد ہارون طاہری کے مطابق چکوال کے علماء،فضلاء،فارغ التحصیل شاہین حضرات کے قافلے کی ترتیب دیدی گئی ہے۔ تحصیل ناظم الکرم فرینڈز چکوال علامہ حافظ محمد اصغر ضیاءکے مطابق چکوال سے قافلہ 21اپریل کی صبح روانہ ہوگا۔

چکوال(بیو رو رپورٹ)کھودے تا منوال روڈ سڑک کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے اور پی او ایل اڑھائی کلومیٹر سڑک کی تعمیر کے لیے باسٹھ لاکھ روپے کے فنڈز خرچ کر رہی ہے۔ سڑک کی تعمیر میں کوالٹی اور معیار کو سامنے رکھا جا رہا ہے اہلیان علاقہ نے پی او ایل کا شکریہ ادا کیا ہے ۔معروف قانون دان اور کھودے کی معروف شخصیت ملک قاسم اعوان ایڈووکیٹ کی خصوصی کاوشوں سے پی او ایل نے اڑھائی کلومیٹر سڑک کی تعمیر کے لیے باسٹھ لاکھ روپے کے فنڈز جاری کر رکھے ہیں اور سڑک کی تعمیر کا کام زور و شور سے جاری ہے۔سڑک کی تعمیر میں کوالٹی اور معیار کو خصوصی ترجیح دی جا رہی ہے جبکہ ملک قاسم ایڈووکیٹ خود بھی گاہے بگاہے مذکورہ سڑک کی تعمیر کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ٹھیکیدار اللہ یار خان بہتر انداز میں کام کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے کوشاں ہے۔اہلیان دیہہ نے پی او ایل اور دیگر حکام کا شکریہ ادا کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں