49

یونین الیکشن میں چور دروازے سے داخل ہو کر عہدیدار بننا اچھی روایت نہیں:ملک صاحب خان ۔۔۔چکوال کی مزید خبریں

چکوال(عبدالغفور منہاس سے)پراپرٹی یونین کے رہنما ملک صاحب خان نے کہا ہے کہ یونین الیکشن میں چور دروازے سے داخل ہو کر عہدیدار بننا اچھی روایت نہیں ،ہم اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرینگے۔ وہ پراپرٹی ڈیلر حضرات جن کے باقاعدہ دفاتر بھی موجود تھے کو انتخابی عمل میں شامل نہیں کیا گیا ۔ملک صاحب خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ الیکشن میں موجودہ بننے والے صدر چوہدری مظہر نے بائیکاٹ کیا تھا تو اب وہ کس منہ کے ساتھ صدر بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نام نہاد صدر پہلے بھی بھگوڑے رہے ہیں اور جلد پھر بھاگ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرا موقف اصولی ہے اور میں آخری دم تک اس پر قائم رہوں گا۔ نئے دوستوں کا بھی حق بنتا ہے کہ وہ یونین کی نمائندگی کریں۔ مگر یہ ڈرامہ بازی دیکھ کر مجھے حیرت ہوتی ہے۔

چکوال(بیو رو رپورٹ)انٹی کرپشن نے سول ڈیفنس آفیسر کے خلاف بارود فیکٹریاں سیل کرنے کے دوران برآمد ہونے والا کوئلہ اور بارود خرد برد کرنے پر مقدمہ درج کرلیا۔ مقدمہ وقاص خلیل کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ سرکل آفیسر انٹی کرپشن قیصر ریاض نے مقدمہ درج کیا۔ سول ڈیفنس آفیسر نے کچھ عرصہ قبل وقاص قریشی اسٹیٹ پیر کھارا نامی فیکٹری سے کوئلہ اور بارود برآمد کیا مگر مال مقدمہ سرکاری خزانے میں جمع نہ کروایا۔ جس پر وقاص خلیل نے انٹی کرپشن کو درخواست گزاری تھی ،انکوائری کے بعد سرکل آفیسر انٹی کرپشن چکوال قیصر ریاض نے مقدمہ درج کرلیا۔

چکوال(بیو رو رپورٹ)تھانہ ڈھڈیال کے ایڈمن آفیسر احمد نواز کو بہترین کارکردگی پر شیلڈ سے نوازا گیا۔ سب انسپکٹر احمد نواز نے تھانہ ڈھڈیال میں ایڈمن آفیسر کی حیثیت سے تعیناتی کے دوران اپنے فرائض احسن طریقے سے سرانجام دئیے اور سائلین کے ساتھ خوش اسلوبی سے پیش آئے۔ جس پر سابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہارون جوئیہ نے الوداع ہوتے وقت انہیں شیلڈ سے نوازا۔

چکوال(بیو رو رپورٹ)ایڈیشنل سیشن جج چکوال نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی طرف سے لیگی ایم پی اے سردار ذوالفقار دلہہ کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی منظوری کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں عدالت میں حاضر ہونے کا حکم دیا ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج چکوال حسنین رضا کی عدالت میں ریحانہ کنول نے جوڈیشل مجسٹریٹ چکوال کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر رکھی تھی ۔سردار ذوالفقار دلہہ نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت سے فوجداری استغاثہ میں حاضری کے لیے استثنیٰ حاصل کیا تھا جس پر ریحانہ کنول نے مذکورہ فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر دی تھی۔ ایڈیشنل سیشن جج نے ریحانہ کنول کے وکیل خواجہ محمد اصغر فاروق ایڈووکیٹ اور خواجہ عمیر اصغر کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے جوڈیشل مجسٹریٹ کا فیصلہ معطل اور کالعدم قرار دے دیا اور ایم پی اے سردار ذوالفقار دلہہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اٹھائیس اپریل کو ماتحت عدالت میں اپنی حاضری یقینی بنائیں اور باقاعدگی سے ہر تاریخ پر استغاثہ کی پیروی کے لیے حاضر ہوں۔

چکوال( بیو رو رپورٹ )ڈپٹی کمشنرچکوال غلام صغیر شاہد نے چارج سنبھالتے ہی اپنے دفتری امور نمٹانے شروع کر دیئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل حل کرنا اور عوام کی خدمت کرنا انکی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبوں کو بہتر بنانا اور حکومتی ترجیحات کو یقینی بنانا میرا مشن ہے ۔عوام الناس کے لئے میں ہمہ وقت حاضر ہوں۔مزید براں انہوں نے کہا کہ تمام محکمے وقت کی پابندی کو اپنا شعار بنائیں تاکہ دفتری امور بطریق احسن ادا کیئے جا سکیں اور عوام کو بھر پو ر ریلیف دیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی سکیموں اور زیر التواء ترقیاتی منصوبوں کا میں از خود جائزہ لونگا اور ان کی تکمیل کو یقینی بنانا میری اولین ترجیح ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں