75

زیادہ منافع کے لالچ میں غیر معیاری اور غیر قانونی بچوں کے لیے اشیائے خوردونوش لانے والا تاجر رنگے ہاتھوں پکڑا گیا،،،چکوال کی مزید خبریں

چکوال(عبدالغفور منہاس سے)زیادہ منافع کے لالچ میں غیر معیاری اور غیر قانونی بچوں کے لیے اشیائے خوردونوش لانے والا تاجر رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ایجنسی ہولڈر نے دیگر تاجروں کے ساتھ مل کر ٹرک سمیت تھانہ سٹی کے حوالے کر دیا، ثمر خان ،انظر گل اور معین خان گزشتہ کئی ماہ سے چکوال میں غیر معیاری اشیاءغیر قانونی طور پر چکوال لا کر چھوٹے دکانداروں کو سپلائی کر رہے تھے جس سے بچوں میں مختلف قسم کی بیماریاں پھیل رہی تھیں گزشتہ روز ثمر خان ،انظر گل اور معین خان نے ٹرک نمبر ایل ایکس سی 9546پر حلال فوڈ کیک ،ٹافیاں، سپاری، لیموں پانی، بسکٹ اور دیگر مختلف قسم کا سامان لاد کر چکوال پہنچے اور اسے گودام میں منتقل کر ہی رہے تھے کہ اچانک حلال فوڈز کا ایجنسی ہولڈر عیسیٰ شاہ دیگر تاجروں کے ہمراہ پہنچ گیا اور ٹرک کو رنگے ہاتھوںپکڑ لیا۔سامان لانے والے دو تاجر موقعہ سے غائب ہو گئے جبکہ ایک کو عیسیٰ شاہ اور دیگر تاجروں نے قابو کر لیا اور بعد ازاں اسے سٹی پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ اے ایس آئی ضمیر حسین انویسٹی گیشن کر رہے ہیں۔

چکوال(بیورورپورٹ)فوڈ اتھارٹی نے دلہہ اور گردونواح کے علاقوں میں کاروائی کے دوران مختلف سٹوروں، ہوٹلوں اور فاسٹ فوڈ پر چھاپے مار کر زائد المعیاد اشیاءکو تلف کر دیا جبکہ متعدد دکانداروں کو وارننگ جاری کی گئی۔ فوڈ اتھارٹی نے دلہہ میں محمد علی جنرل سٹور کی مختلف اشیاءکی چیکنگ کی ،بعض اشیاءزائد المعیاد پائی گئیں جنہیں تلف کر دیاگیا اور تین دن کی وارننگ دی گئی ۔مہروی سپر سٹور پر بھی کاروائی کی گئی اور دکان کے مالک مبشر رزاق کی موجودگی میں تمام اشیاءکی چیکنگ کی گئی۔ موجودہ سٹور کو کلیئر کیا گیا۔ حسن فاسٹ فوڈ اور الرحمن ہوٹل کو بھی چیک کیا گیا جہاں پر صفائی کے ناقص انتظامات پائے گئے۔ فوڈ اتھارٹی نے معیار بہتر بنانے اور صفائی کی صورتحال بھی بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔

چکوال(بیورورپورٹ)ہسپتال روڈ کے معروف تاجر رہنما ملک جاوید اقبال کے صاحبزادے ملک احسن اقبال نے آل پاکستان کراٹے چیمپین شپ میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی اور ضلع چکوال کا نام روشن کیا۔ آل پاکستان کراٹے چیمپین شپ کے مقابلے میرپور (آزاد کشمیر) میں منعقد ہوئے جس میں پاکستان اور آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ ملک احسن اقبال نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

چکوال(بیورورپورٹ)ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال میں کتے کے کاٹنے کی ویکسین نایاب ہو گئی اور گزشتہ کئی روز سے متاثرہ مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑ رہا ہے۔مریضوں کو راولپنڈی ریفر کر دیا جاتا ہے گزشتہ کئی روز سے کتے کے کاٹنے کی ویکسین ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال میں موجود نہیں ۔کتے کے کاٹنے سے متاثرہ مریض ہسپتال لائے جاتے ہیں تو انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑتا ہے ۔ پاکستان لیبر فیڈریشن نے وزیراعلیٰ پنجاب،ڈائریکٹر ہیلتھ پنجاب ،سیکرٹری ہیلتھ اور دیگر حکام سے فوری طور پر نوٹس لینے اور ویکسین کی دستیابی ممکن بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

چکوال(بیورورپورٹ) متحدہ مجلس عمل ضلع چکوال میں بھی بحال ہو گئی۔ اور الیکشن میں حصہ لینے کے لیے تجاویز طلب کر لی گئیں۔ متحدہ مجلس عمل ضلع چکوال کا اہم اجلاس دفتر جماعت اسلامی چکوال میں زیر صدارت امیر جماعت اسلامی محمد اشرف آصف منعقد ہوا جس میں متحدہ مجلس عمل میں شامل دینی جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی، اجلاس میں ایم ایم اے کی بحالی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مرکزی قیادت کے فیصلوں کے مطابق ضلع چکوال میں یکجان ہو کر کام کیا جائے گا۔ ایم ایم اے اسلامی اقدار کے مطابق صاف ستھری سیاست کو فروغ دے گی اور پاکستان کی عوام کو پرامن ،روشن مستقبل دے گی۔ اجلاس میں عوام سے فعال رابطہ کرنے پر بھی زور دیا گیا اور انتخاب حکمت عملی طے کرنے کے لیے تجاویز طلب کی گئی۔ جلد ہی تحصیل سطح پر ایم ایم اے کو وسعت دی جائے گی۔

چکوال(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی آمدہ الیکشن میں مسلم لیگ ن کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی اور کامیابی حاصل کرےگی۔ انتخابی مہم چلانے کے لیے پلاننگ طے کر لی گئی ہے جن امیدواروں کو ٹکٹ ملیں گے ان کی کامیابی کے لیے بھرپور جدوجہد کی جائے گی۔ اس بات کا فیصلہ پاکستان تحریک انصاف سٹی چکوال کے اجلاس میں کیا گیا جو پی ٹی آئی ورکر سیکرٹریٹ بھون روڈ چکوال میں منعقدہوا۔اجلاس میں کونسلر ملک یوسف اعوان ،چوہدری نوشاد علی خان ایڈووکیٹ، عرفان حسین، عامر نوید قاضی ،ڈسٹرکٹ انفارمیشن سیکرٹری ملک عبدالخالق اعوان، صدر انصاف یوتھ ونگ چوہدری احسن زاہد، ملک وقاص ،عدنان بھائی، انصاف سوشل میڈیا کے سینئر نائب صدر ملک مدثر اعوان، جنرل سیکرٹری فرحان اور دیگر نے شرکت کی۔اس موقع پر چوہدری احسن زاہد، عامر نوید قاضی، ملک یوسف، ملک عرفان حسین اور دیگر نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف 2013ءکے الیکشن کے مقابلے میں بڑی سیاسی پارٹی ابھر کر سامنے آئی ہے اور 2013ءکے الیکشن کے مقابلے میں ہمارے ووٹرز کی تعداد بھی کئی گنا بڑھ چکی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مسلم لیگ ن سمیت دیگرجماعتوں سے تعلق رکھنے والے افراد پی ٹی آئی کا حصہ بن رہے ہیں۔مقررین نے کہا کہ 2018کا الیکشن تبدیلی لے کرآئےگا۔

چکوال(بیورورپورٹ)عام انتخابات کے سلسلے میں انتخابی عملہ کی ٹریننگ آج پیر سے شروع کی جا رہی ہے ٹریننگ کا آغاز تلہ گنگ سے کیا جا رہا ہے جس کے بعد چوآسیدن شاہ اور پھر چکوال میں انتخابی عملہ کو ٹریننگ دی جائے گی۔الیکشن کمیشن آف پاکستان اور یو این ڈی پی کے تعاون سے تربیتی پروگرام کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر عبدالرزاق اور ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیٹر یو این او پی ایس چوہدری غلام جیلانی منہاس نے ضلع بھر کے کالجز کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا اس موقع پر ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیٹر یو این او پی ایس چوہدری غلام جیلانی منہاس ایڈووکیٹ نے میڈیا کو بتایا کہ انتخابی عملہ کی ٹریننگ کے دوران پولنگ آفیسر اور اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران کو تربیت دی جائے گی انہوں نے بتایا کہ ضلع چکوال میں انتخابی عملہ کی تعداد سات ہزار سے زائد ہے اوراس سے قبل انتخابی عملہ کی ٹریننگ کے لیے تیس ماسٹر ٹرینرز تیار کیے گئے ہیں۔ ٹریننگ اور تربیتی کلاسز کا مقصد انتخابی عمل کو صاف و شفاف بناناہے۔

چکوال(بیورورپورٹ)اراکین اسمبلی،سردار غلام عباس اور دیگر شخصیات کے ساتھ تعینات پولیس اہلکاروںکو واپس محکمہ میں بلا لیا گیا ہے۔اقدامات چیف جسٹس کے احکامات کے بعد آئی جی پنجاب کی ہدایات کے مطابق اٹھائے گئے۔پولیس ذرائع کے مطابق چالیس کے قریب پولیس اہلکار غیر ضروری قرار دے کر واپس محکمہ میں بلائے گئے ہیں۔

چکوال(بیورورپورٹ) انچارج فالکن فورس اے ایس آئی حافظ شفقت امین کو خدمت سنٹر مرزک چکوال کا انچارج مقرر کر دیاگیا۔ان کے پیش رو سب انسپکٹر عاصم کو تلہ گنگ بھجوادیا گیاہے۔ اے ایس آئی شفقت امین کا شمارفرض شناس اور دیانتدار پولیس افسران میں ہوتاہے اور وہ فالکن فورس کے انچارج رہے ہیں۔

چکوال(بیورورپورٹ)تھانہ چوآسیدن شاہ کے علاقے ڈنڈوت میں شادی کی تقریب میں کلاشنکوف سے ہوائی فائرنگ سے دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ دولہا اور اس کے باپ سمیت سات افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا۔ ڈنڈوت میں دولہا ثاقب عباس کی شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ ہو رہی تھی کہ اس دوران گولیاں لگنے سے محمد بلال ولد مسرت اختر اور راجہ عثمان ولد راجہ صفدر شدید زخمی ہو گئے۔ چوآسیدن شاہ پولیس موقعہ پر پہنچی اور شدید زخمی ہونے والوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال چوآسیدن شاہ منتقل کیا۔ بعد ازاں دولہا ثاقب عباس، اس کے والد محمد خالد اور دیگر پانچ ملزمان حافظ اسامہ، حافظ شاہد، ملک عرفان، حسیب نوازاور ارسلان احمد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔مقدمہ میں شادی ایکٹ آرڈیننس کی خلاف ورزی کے خلاف خلاف اقدام قتل کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

چکوال(بیورورپورٹ) بنیادی مرکز صحت سردھی میں آنے والے مریض رل گئے۔ اکثر اوقات نہ درد کا انجکشن ملتا ہے اورنہ حادثے کی صورت میں انجکشن لگایا جاتا ہے کہا جاتا ہے کہ انجکشن لگانا جس کی ڈیوٹی تھی وہ ریٹائرڈ ہو گئے ہے اکثر اوقات چوکیدار اور دیگر درجہ چہارم ڈاکٹر کے ڈیوٹی کرتے نظر آتے ہیں۔ وہی دوا تجویز کرتے ہیں اور وہ ہی انجکشن لگاتے ہیں اگر وہ ڈاکٹر کے برابر اہلیت رکھتے ہیں تو انہیں ڈاکٹر کیوں نہیں بھرتی کیا گیا۔ اکثر اہلکار رہائشی کمروں میںڈیوٹی کے اوقات میں ٹھنڈی ہوا لگاتے ہیں۔ صرف اپنوں کو نوازا جاتا ہے۔ تمام امراض کے لیے صرف مخصوص گولیاں ہی دی جاتی ہیں۔ حادثے کی صورت میں ہسپتال سے رجوع کیا جائے تو مین گیٹ بند نظر آتا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سے معززین علاقہ کی پرزور اپیل ہے کہ مذکورہ بنیادی مرکز صحت کی اصلاح احوال کی جائے اور ہنگامی طور پر چیک کیاجائے۔

چکوال(بیورورپورٹ) واپڈا دفتر کلرکہار رشوت مافیا کا ہیڈ آفس بن چکا ہے۔ جہاں رشوت کے بغیر کوئی کام ممکن نہیں۔ اکثر اہلکار ہزاروں روپے کی دیہاڑی لگاتے ہیں۔ نئے گھریلو میٹر کی فائل جمع ہوتے ہی کسی واپڈا اہلکار کا صارف کو فون آ جاتا ہے کہ دس ہزار دیں آپ کا میٹر لگا دیا جائے گا۔ جو نذرانہ نہیں دیتے ان کی فائل پر اعتراضات کی بوچھاڑ کی جاتی ہے اور نیا میٹر جو ہر شخص کا بنیادی حق ہے اسے محروم رکھا جاتا ہے۔ جو رشوت دے تو اس کا میٹر بغیر پول کے تین سو فٹ تک دور بھی لگایا دیا جاتا ہے جو جیب گرم نہیں کرتا اس کا میٹر سو فٹ کے فاصلے پر بھی جائز نہیں قرار پاتا۔ محدود تنخواہ کے حامل واپڈا اہلکار گاڑیوں کیسے لے لیتے ہیں۔صارفین اپنے معاملات کے لیے کسی اہلکار کے پاس جائیں تو وہ صارف کو گھاس نہیں ڈالتے اور کہتے ہیں جاﺅ جو کرنا ہے کر لو۔ چھوٹے اہلکاروں کو بڑے افسران کی آشیر باد حاصل ہے بہت سے صارفین زیادتیوں کی چکی میںپس رہے ہیں۔ تاریں کھمبوںپر جھول رہی ہیں کسی کو پرواہ نہیں۔ کرپشن کی انتہاءہو چکی ہے جس کو لگام دینا ضروری ہے۔

چکوال(بیورورپورٹ)ضلع چکوال کی71یونین کونسلوں میںتحریک لبیک کی تنظیم سازی کا کام شروع کر دیاگیا، اور مرید میں لالہ آصف شو روم اور تحریک لبیک یا رسول اللہ کے آفس کا شاندار افتتاح، عوام کی کثیر تعداد موجود تھی، سید رسول شاہ خاکی کے صاحبزادے سید حسین علی شاہ خاکی اور سید تصدق حسین شاہ نے آفس کا فیتا کاٹا، نقیب محفل آفتاب علی جماعتی تھے، تلاوت حافظ آدم نے فرمائی، نعت حافظ توقیر نے پیش کی اور بعد میں سید تصدق حسین شاہ نے تحریک لبیک کے حوالے سے اظہار خیال کیا اور کہا ہماری جانیں ختم نبوت پر قربان ،ہم علامہ خادم رضوی کی ہر کال پر لبیک کہتے ہیں اور ہماری تحریک کے ہر نوجوان کا یہ ہی جذبہ ہے آقا تیری شان کی خاطر دل بھی حاضر اور جان بھی حاضر، اور انشااللہ2018ءکے الیکشن میں مخالفین کا ٹف ٹائم دیں گے اور اپنی تمام سیٹوں پر امیدوار کھڑے کرینگے اور انشااللہ جلد اپنے قائدین کا چکوال کا دورے کا لائحہ عمل طے کرینگے اور میری تمام تحریک لبیک یا رسول اللہ کے کارکنان غیور عوام حضور کے نام پر بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا ہے تاکہ قیامت والے دن آقا کے سامنے سرخرو ہوں ۔آقا جب آپ کی ختم نبوت پر ڈاکہ ڈالا گیا مسجدوں کے سپیکر اتارے گئے یہودی ایجنٹوں کے کہنے پر مسلمانوں پر ظلم ہو رہا تھا تو ہم ختم نبوت کے پہرے دار بنے اور بعد میں تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا گیا اور لنگر کا انتظام ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں