63

ہم خدمت کی سیاست کریں گے اور قوم کو نظریہ پاکستان پر متحد کریں گے۔سیف اللہ خالد

ہری پور ( پاکستان اپ ڈیٹس )ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے کہا ہے کہ ہم خدمت کی سیاست کریں گے اور قوم کو نظریہ پاکستان پر متحد کریں گے۔ ہمارا عزم ہے کہ ملک سے غربت کا خاتمہ کریں اور وطن عزیز کے دفاع کے لیے پاک فوج کے شانہ بشانہ رہیں۔ملی مسلم لیگ اب ووٹر کا تقدس پامال نہیں ہونے دے گی۔ووٹر کو ان کے حقوق ملیں گے۔ خواتین اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔ ہم کسی کا ووٹ بینک توڑنے نہیں بلکہ سیاسی نظام میں اصلاح کرنے کے لیے آئے ہیں۔لوٹ مار کرپشن نے ملک کو کھوکھلا کیا ہم ملک سے کرپشن کا خاتمہ کریں گے آنے والے الیکشن میں با کردار صادق و امین امیدواروں کو ٹکٹ دیں گے اور قومی و صوبائی اسمبلی کی ہر نشست پر الیکشن لڑیں گے۔وہ ہری پور کے مقامی ہال میں نظریہ پاکستان سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ملی مسلم لیگ کے صوبائی صد ر خیبر پختونخواہ حاجی لیاقت علی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد کے ہری پور پہنچنے پر ان کا بھرپور استقبال کیا گیااور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔اس سلسلہ میں پنیاں چوک بازار سے ریلی بھی نکالی گئی۔اس دوران کارکنان زبردست نعرے بازی کرتے رہے۔ بعد ازاں ریلی کی شکل میں قائدین کو مقامی ہال میں لایا گیا جہاں نظریہ پاکستان سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار میں شہر بھر سے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے شرکاءسے خطاب میں ملی مسلم لیگ کے منشور پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ملی مسلم لیگ میدان سیاست میں آئی تو پارٹیاں پریشان ہو رہی ہیں ہمارے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔ وطن عزیز پاکستان میں حکمرانوں نے اپنی تجوریاں بھریں۔قومی خزانے کو لوٹا گیا غریب عوام کا کوئی پرسان حال نہیں تعلیم و صحت کی سہولیات کی بجائے میٹرو اور اورنج ٹرین کو ترجیح دی گئی۔ مائیں غربت کے باعث خود کشیاں کر رہی ہیں ہسپتالوں میں مریضوں کو ادویات نہیں مل رہیں پھر بھی گڈ گورننس کے دعوے کئے جا رہے ہیں۔سیف اللہ خالد نے کہا کہ ہم نے سیاست اسوہ محمدﷺ کے مطابق کرنی ہے۔ مفادات کی خاطر الیکشن لڑنے والوں کو اب قوم مسترد کرے گی۔انہوں نے کہا کہ گرمی کا آغاز ہے اور لوڈ شیڈنگ عروج پرہے۔ بجلی مہنگی کرکے حکومت عوام پر بجلی بم گرا رہی ہے۔عوام کو سستی بجلی دینے کے لیے بھارت سے پانی چھڑایا جائے۔کشمیر کی آزادی سے تکمیل پاکستان ہو گا اور پاکستان کو اپنے پانی بھی ملیں گے جس سے وطن عزیز کی صنعت و زراعت میں بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے۔ ہم اس ملک میں سیاست کریں گے اور عوام کے ساتھ ہی رہیں گے۔ ہمارا علاج پاکستان کے ہسپتالوں میں ہو گا۔ہمارا بچہ عوام کے بچوں کے ساتھ سرکاری سکول میں تعلیم حاصل کرے گا ۔ہم نظام تعلیم اورنصاب تعلیم نظریہ پاکستان کے مطابق ترتیب دیں گے ۔نوجوان نسل کی تربیت نظریہ پاکستان کی بنیادوں پر کریں گے کیونکہ نظریہ پاکستان ہی بقائے پاکستان ہے اور یہی ملی مسلم لیگ کا منشور ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں