47

گورنمنٹ کالج آف کامرس میں تقریب تقسیم انعامات ،معروف سماجی شخصیت راجہ مجاہد افسر کا ایک لاکھ روپے کا عطیہ،،،چکوال کی مزید خبریں

چکوال(عبدالغفور منہاس سے)گورنمنٹ کالج آف کامرس میں تقریب تقسیم انعامات ،معروف سماجی شخصیت راجہ مجاہد افسر کا ایک لاکھ روپے کا عطیہ اور صدر چیمبر آف کامرس حاجی نذیر سلطان نے الیکٹرک واٹر کولر کی تنصیب کا اعلان کیا۔تقریب تقسیم انعامات کی صدارت حاجی نذیر سلطان نے کی جبکہ مہمان خصوصی راجہ مجاہد افسر تھے۔ خطبہ استقبالیہ پرنسپل پروفیسر سخاوت حسین آزاد نے پیش کیا اور بتایا کہ گورنمنٹ کالج آف کامرس چکوال میں 1979ءمیں کرایہ کی بلڈنگ میں شروع کیا گیا جو2012ءتک کرایہ کی بلڈنگ میں ہی تعلیم فراہم کرتا رہا ۔ سابق پرنسپل پروفیسر نذیر حسین راز کے ساتھ مل کر جدوجہد کی جس کے نتیجے میں 47کنال رقبہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے اور2009ءمیں حالیہ بلڈنگ کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا جو آج تکمیل کے مراحل میں داخل ہو چکی ہے اور یہاں پر بی کام تک کلاسز کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ بلڈنگ مکمل ہونے کے بعد ماسٹر کلاسز کا آغاز کر دیا جائے گا۔ پروفیسر سخاوت حسین آزاد نے بتایا کہ ان کے پیش رو پرنسپل کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے کالج کا نظم و ضبط برقرار رکھا جا رہا ہے اگرچہ یہ کالج ڈگری کلاسز تک ہے مگر سٹاف ابھی تک نہ ہونے کے برابر ہے اور چھ اساتذہ اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ حکومت پنجاب کو مزید سٹاف کی فراہمی کے لیے درخواست کی گئی ہے ۔سخاوت حسین آزاد نے بتایا کہ میرے چارج سنبھالنے کے بعد 600پودے طلباءکی ذاتی کوششوں اور جیب سے خرچ کر کے لگائے گئے۔ میرا دس ہزار روپے کا عطیہ بھی ان میں شامل ہے۔ راجہ مجاہد افسر نے اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے پوزیشن ہولڈر طلباءکو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ خوب محنت کریں اور پاکستان کو قائداعظم محمد علی جنا ح کا حقیقی پاکستان بنائیں۔ کیونکہ جن مقاصد کے لیے پاکستان بنایا گیا تھا وہ ابھی بھی پورے نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ زندگی کا اصل مقصد لوگوں کے کام آنا ہے ۔انہوں نے کالج کے لیے فرنیچر کی خریداری کے لیے ایک لاکھ روپے کا عطیہ دیا ۔صدر چیمبر آف کامرس حاجی نذیر سلطان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط اور پائیدار ادارے حکومت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ چیمبر آف کامرس کا ادارہ بھی کامرس سے تعلق رکھتا ہے اس لیے ہم گورنمنٹ کالج آف کامرس کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں۔ انہوں نے کالج کے لیے واٹر کولر کا عطیہ دینے کا اعلان کیا۔تقریب کے اختتام پر راجہ مجاہد افسر ،حاجی نذیر سلطان، پروفیسر نذیر حسین راز، ریجنل ڈائریکٹر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نسرین مرزا نے تعلیمی و غیر نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی کامظاہرہ کرنےوالے طلباءمیں انعامات قتسیم کیے۔ کالج کے پرنسپل پروفیسر سخاوت حسین آزاد نے معروف سماجی شخصیت مہمان خصوصی راجہ مجاہد افسر کو ادارہ کی طرف سے خصوصی شیلڈ دی۔

چکوال(بیو رو رپورٹ)عام انتخابات کے لیے اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران اور پولنگ افسران کی تربیت چوتھے روز میں داخل ہو گئی ۔تلہ گنگ میں آج پانچواں اور آخری روز ہوگا اس کے بعد تین دن کے لیے چوآسیدن شاہ اور پھر چھ دن چکوال تحصیل سے تعلق رکھنے والے پولنگ عملے کی تربیت اور ٹریننگ دی جائے گی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان اور یو این ڈی پی کے تعاون سے ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیٹر یو این اوپی چوہدری غلام جیلانی منہاس ایڈووکیٹ کی سرپرستی میں اٹھارہ ماسٹر ٹرینر انتخابی عملے کو ٹریننگ فراہم کر رہے ہیں۔ تلہ گنگ میں آج پانچواں اور آخری روز ہوگا۔ اس کے بعداٹھائیس، انتیس اور تیس اپریل کو چوآسیدنشاہ میں انتخابی عملے کو ٹریننگ دی جائے گی اور پھر دو مئی سے لے کر سات مئی تک چکوال تحصیل سے تعلق رکھنے والے انتخابی عملے کو ٹریننگ اور تربیت دی جائے گی۔ دوسرے تربیتی مرحلے کا آغازعید الفطرکے بعد کیا جائے گا جس میں سینئر پریزائیڈنگ افسران اور دیگر کو ٹریننگ دی جائے گی۔

چکوال(بیو رو رپورٹ)سینئر صحافی محمد ریاض انجم کے تین قریبی رشتہ داروں کے انتقال پر اخبار فروش یونین نے تعزیت اور گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اخبار فروش یونین ضلع چکوال کے صدر غلام علی ،سٹی صدر غلام مرتضیٰ عاصی، جنرل سیکرٹری ثقلین یٰسین، سفری ملک، شوکت محمود سلطانی اور دیگر نے سینئر صحافی محمد ریاض انجم سے ان کے تین قریبی رشتہ داروں کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا اور ریاض انجم سے تعزیت کی اور مرحومین کی مغفرت کے لیے دعا کی ہے۔

چکوال(بیو رو رپورٹ)نامعلوم ملزمان مقامی ہفت روزہ اخبار سب سے پہلے کے دفتر کے کنڈے توڑ کر آگ لگا کر فرار ہو گئے۔ دفتر میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا قیمتی سامان آگ کی لپیٹ میں آ کر راکھ کا ڈھیر بن گیا۔ ریسکیو1122نے موقعہ پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔ سٹی پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ جعفری پلازہ میں واقع مقامی ہفت روزہ اخبار سب سے پہلے جس کے چیف ایڈیٹر سید منصور علی شاہ بخاری ہیں کے دفتر میں نامعلوم افراد نے دروازے کے کنڈے توڑ کر اندر داخل ہو کر آگ لگائی اور فرار ہو گئے۔ اردگرد کے لوگوں کو اس وقت معلوم ہوا جب آگ آسمان سے باتیں کرنے لگی ۔ریجنل یونین آف جرنلسٹس کے صدر عبدالغفور منہاس اطلاع ملتے ہی دیگر صحافیوں کے ہمراہ موقعہ پر پہنچے اور ریسکیو1122اور سٹی پولیس کو اطلاع کی، ریسکیو1122کی ایمبولینس گاڑی موقعہ پر پہنچی اور آگ پر قابو پایا جبکہ انسپکٹر زراعت بلوچ بھی اے ایس آئی شکیل اور دیگر عملے کے ہمراہ موقعہ پر پہنچ گئے اور جائے وقوعہ کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں نامعلوم افراد کے خلاف واقعہ کا مقدمہ درج کرلیاگیا ہے۔ صحافتی تنظیموں نے سید منصور علی شاہ بخاری کے ساتھ گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں