79

بھارت میں موسلا دھار بارش اور مٹی کے طوفان سے 92 افراد ہلاک.بھارتی میڈیا

نئی دہلی( پاکستان اپ ڈیٹس )بھارتی ریاستوں راجستھان اور اترپردیش میں گردوبار کے طوفان اور تیز بارشوں سے 92 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جب کہ 100 سے زائد زخمی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اترپردیش کے شہر آگرہ اور راجستھان کے تین اضلاع الور، بھرت پور اور دھول پور میں طوفانی بارشوں اور 130 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی۔ طوفان سے اترپردیش میں 46 اور راجستھان میں 33 افراد جبکہ دیگر علاقوں میں 11 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے۔ درخت اور ہورڈنگز گرنے، کچے مکانات منہدم ہونے اور آسمانی بجلی گرنے سے ہلاکتوں میں اضافہ ہوا۔ پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق 92 افراد کی ہلاکتوں کے علاوہ 100 سے زائد افراد زخمی ہیں جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ضلع بھر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ طوفانی بارش کے باعث لوگ خوفزدہ ہیں کیونکہ مون سون کی بارشوں کاسلسلہ شروع ہونے میں ابھی 6 ہفتے باقی ہیں لیکن اس سے قبل ہی بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ واضح رہے بھارت کے شمالی علاقوں میں موسم گرما میں ایسی آندھیاں عام طور پر آتی ہیں لیکن اتنی زیادہ ہلاکتوں کا ہونا غیر معمولی بات ہے۔ گزشتہ ماہ کی 27 تاریخ کو آندھرا پردیش میں محض 13 گھنٹوں کے دوران 36 ہزار 749 بار آسمانی بجلی گرنے کے واقعات ریکارڈ کیے گئے تھے جو موسمی تغیر کی جانب اشارہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں