115

پنجاب کا کے پی، سندھ اور بلوچستان سے ترقیاتی کاموں کا موازنہ کرلیں تو واضح فرق نظر آئے گا، شہبازشریف

وہاڑی( پاکستان اپ ڈیٹس ) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا ہے کہ عمران خان نے گزشتہ 5 سال میں صرف دھرنوں اور تخریبی سیاست کی۔ وہاڑی میں ڈی ایچ کیو اسپتال میں منصوبوں کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ افسران و وزراء کی شب و روز محنت سے پنجاب ترقی کر رہا ہے، صوبے میں صحت کا شاندار نظام بن چکا ہے، اسپتالوں میں سٹی اسکین مشینیں پہنچائی جارہی ہیں اور صوبے کے 13 اضلاع میں اسپتالوں کے فضلے کو تلف کرنے کیلئے مشینیں موجود ہیں، دیہاتوں کے لئے ایمبولینس سروس کا افتتاح کیا، مختلف اضلاع میں 9 میڈیکل موبائل ٹیمیں کام کر رہی ہیں، پنجاب میں یہ وہ انقلاب ہے جس پر حکومت نے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی۔ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پنجاب کا کے پی، سندھ اور بلوچستان سے ترقیاتی کاموں کا موازنہ کرلیں تو واضح فرق نظر آئے گا، دیگر جماعتوں نے پانچ سال میں کیا کیا ؟ عملی طور پر صرف پنجاب میں کام ہوا اور کہیں نہیں ہوا، آصف زرداری 6 ارب سے سندھ میں اسپتال بنوا دیں شاید خدا معاف کردیں، ترقی و ترقیاتی منصوبوں کے دعویدار اور 11 نکات بتانے والے خیبرپختون خوا میں اپنی کارکردگی بتائیں، انہوں نے اسپتالوں میں فضلے تلف کرنے والی، ہیپاٹائٹس مشینیں اور کتنی لیبز بنائیں؟ عمران خان مسلسل 5 سال سے تخریبی سیاست اور دھرنوں میں مصروف رہے، وہ دھرنوں سے نکلتے تو عوامی خدمت کا سوچتے، جھوٹے الزامات لگانا عمراں خان کی عادت ہے لیکن انہیں یہ پتہ نہیں الزامات سے قومیں نہیں بنتیں۔ الزامات تراشی ہمارا کلچر بن چکا ہے، اگر ایسا رہا تو نام لینے والا کوئی نہیں ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں