95

شہر میں ایک جانب قیامت خیز گرمی پڑ رہی ہے تو دوسری جانب لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو دہرے عذاب میں مبتلا،،،ساہیوال کی مزید خبریں

ساہیوال(رانا محمد یحی فاروقی سے)شہر میں ایک جانب قیامت خیز گرمی پڑ رہی ہے تو دوسری جانب لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو دہرے عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے۔شہر کے کئی علاقوں میں طویل لوڈشیڈنگ کے باعث شہری دہرے عذاب سے بلبلا اٹھے جبکہ 90/9-L ،گلشن علی ہا ﺅسنگ سکیم ،پیپلز کا لونی ،عارف روڈ ،9/135ایل ،باہر والا اڈہ و دیگر علاقوں میں12 گھنٹے بجلی غائب رہنے سے پانی کا بھی سنگین بحران پیدا ہوگیاہے۔ضلع ساہیوال میں گرمی بڑھتے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے شہر میںلوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10گھنٹے سے بڑھ کر 12گھنٹے تک پہنچ گیاہے جبکہ لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی3سے 4گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ۔مختلف علاقوں میں وولٹیج کی کمی کی بھی شکایات ہیں۔

ساہیوال(بیو رو رپورٹ)وہاڑی پو لیس کا باہر والا ڈہ میں چھاپہ ،کار سوار 4افراد زیر حراست ۔تفصیلات کے مطابق کار میں سوار4 اافراد جا رہے تھے کہ با ہر وا لا اڈہ میں وہاڑی پو لیس اور ایلیٹ فورس نے انہیں گھیرے میں لے لیا تو 4 افراد کار چھوڑ کر فرار ہو گئے پو لیس نے تعاقب کر کے چاروں اشخاص کو قا بو کر لیا وہاڑی پو لیس نے گرفتار افراد کو کو تفتیش کے لئے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ دو روز قبل ضلع وہاڑی میں ملزمان کی فائرنگ سے ایک کانسٹیبل اور ایک وکیل جاںبحق ہو گئے تھے اس واقعہ کے شبہ میں وہاڑی پو لیس نے تعاقب کر تے ہو ئے ان افراد کو حراست میں لیا ہے ۔

ساہیوال(بیو رو رپورٹ)نہر 9ایل سے نا معلوم 35سالہ نو جوان کی لاش برآمد ۔تفصیلات کے مطابق 9/87ایل کے قریب نہر 9ایل سے تقریباً 35سالہ نا معلوم شخص کی لاش راہگیروں کی اطلاع پر پو لیس نے برآمد کر کے پوسٹمارٹم کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ساہیوال پہنچا دی ہے تا ہم نو جوان کی موت کا معمہ حل نہیں ہو سکا نو جوان کی موت قتل یا نہر میں ڈوبنے سے ہوئی معمہ حل نہیں ہو سکا اور متوفی کے ورثاءکا سراغ بھی نہیں چل سکا ۔

ساہیوال(بیو رو رپورٹ)اوور لوڈ رکشہ تیز رفتاری کے باعث الٹ گیا ،6افراد زخمی ۔تفصیلات کے مطابق نور شاہ کے علاقہ کوڑے شاہ کے قریب چنگ چی رکشہ سواریوں کی اوور لوڈنگ اور تیز رفتاری کے باعث الٹ گیا جس کے نتیجہ میں نسیم ،نثار اور آصف وغیرہ 6افراد زخمی ہو گئے زخمیوں کو اسپتال پہنچا دیا گیا ہے ۔

ساہیوال(بیو رو رپورٹ)ساہیوال سینٹرل جیل میں اقدام قتل کا قیدی بیماری کے باعث دم توڑ گیا ۔تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ کا رہائشی زرین کو 2010میں 302کے مقدمہ میں 25سال قید کاٹنے کے لئے ساہیوال سینٹرل جیل لا یا گیا بتا یا گیا ہے کہ زرین ہیپا ٹائٹس سی اور جگر کے کینسر میں مبتلاتھا جو کہ گزشتہ روز سینٹر جیل میں دم توڑ گیا جس کی لاش کو پوسٹمارٹم کے لئے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے سیشن جج کی ہدایت پر جو ڈیشل مجسٹریٹ حماد رضا کو انکوائری افسر مقرر کیا گیا تھا جس نے انکوائری مکمل کر لی ہے ۔

ساہیوال(بیو رو رپورٹ)ڈپٹی کمشنر شوکت علی خان کھچی نے کہا ہے کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کیلئے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں اور فنڈز کی کمی بھی دور کر دی جائے گی لیکن ڈاکٹروں کا بھی فرض ہے کہ وہ آنیوالے مریضوں کو چیک کریںتا کہ ان کا بروقت علاج ممکن ہو سکے ۔یہ بات انہوں نے ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کے اچانک دورے کے دوران مریضوں کی طرف سے ادویات کی فراہمی میں مشکلات کی شکایات پر کہی ۔انہوں نے ایم ایس کو ہدایت کی کہ لوکل پرچیز سے ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور کوئی بھی مریض دوائی کے بغیر نہ جائے ۔ انہوں نے ہسپتال کی صفائی کا بھی تفصیلی جائزہ لیااور اسے اطمینان بخش قرار دیا ۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر شوکت علی خان کھچی نے انٹرمیڈیٹ کے امتحانی مرکزگورنمنٹ گرلز اسلامیہ ہائی اسکول کا بھی دورہ کیا۔انہوں نے سنٹر سپرنٹنڈنٹ سے انتظامات کے بارے میں تفصیلی آگہی لی اور ہدایت کی کہ کسی بھی قسم کی پریشانی میں فوری انتظامیہ کو آگاہ کیا جائے اور نقل روکنے کے فول پروف انتظامات کیے جائیں تا کہ طلباءو طالبات کا امتحانی نظام پر اعتماد بحال ہو ۔بعد ازاں انہوں نے گندم خریداری مرکز قادر آباد کا بھی دورہ کیا اور کسانوں کی فراہم کی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا ۔انہوں نے باردانہ کی تقسیم کو شفاف بنانے کیلئے مرتب کردہ فہرست پر مکمل عمل کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ باردانہ کی تقسیم میں چھوٹے کاشتکاروں کو ترجیح دی جائے ۔انہوں نے سٹاف کو کسانوں کیلئے پینے کے ٹھنڈے پانی اور سائے کا انتظام کرنے کی بھی ہدایت کی ۔

ساہیوال(بیو رو رپورٹ)ضلعی انتظامیہ نے تمام نجی ہاﺅسنگ سکیموں کے فرانزک آڈٹ کروانے کا فیصلہ کیا ہے تا کہ عوام کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے اور انہیں لینڈ مافیا سے بچایا جا سکے ۔یہ بات اے ڈی سی جی احمد خاور شہزاد نے اپنے دفتر میں ہونیوالے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں مذکورہ فرانزک آڈٹ کے طریقہ کار پر غور کیا گیا ۔یہ آڈٹ سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم کے مطابق ایف آئی اے کے تعاون سے کرایا جائے گا ۔اجلاس میں محکمہ ریونیو ،پولیس ،بلدیہ اور پراسیکیوشن کے ضلعی افسران نے بھی شرکت کی ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع ساہیوال میں رجسٹرڈ تمام نجی ،خودمختار اور سرکاری ہاﺅسنگ سوسائٹیز کا سائنسی خطوط پر فرانزک آڈت کروایا جائے گا اور اس سلسلے میں تمام ہاﺅسنگ کالونیز کے مالکان کو بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ۔احمد خاور شہزاد نے بتایا کہ اس آڈٹ کا مقصد عوام کے خون پسینے کی کمائی کا تحفظ کرنا اور انہیں فراڈ سے بچانے کے ساتھ ساتھ ان ہاﺅسنگ کالونیوں میں سہولیات کی عدم فراہمی کا بھی جائزہ لینا ہے تا کہ ان کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے ۔انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ اس تمام عمل کو 10 یوم میں مکمل کریں تا کہ جامع رپورٹ تیار کی جا سکے۔

ساہیوال(بیو رو رپورٹ)بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ساہیوال کے امتحانات میں پوزیشن لینے والے کالجز کے اعزاز میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں انہیں اعزازی سرٹیفیکیٹس اور چیکس دئے گئے ۔تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن میاں جمیل احمد تھے جبکہ کنٹرولر امتحانات قاضی عبدالناصر بھی تقریب میں موجود تھے ۔ میاں جمیل احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ معیاری تعلیم کے فروغ میں نجی شعبے کا اہم کردار ہے اور انہیں چاہیے کہ وہ اساتذہ کی پیشہ ورانہ تر بیت کو بھی یقینی بنائیں تاکہ طلبہ و طالبات کی مناسب تربیت ممکن ہو سکے ۔بورڈ میں عمدہ کارکردگی پر ڈائریکٹر ایجوکیٹرز سکول اینڈ کالج رانا سہیل نثار نے مہمان خصوصی سے سپیشل انعام وصول کیا ۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے اس کامیابی کو اساتذہ اور سٹوڈنٹس کی محنت کا ثمر قرار دیا اور اور امیدظاہر کی کہ آئندہ بھی ان کا ادارہ ایسی کامیابیاں حاصل کرتا رہے گا ۔

ساہیوال(بیو رو رپورٹ)کھوکھابازار میں تجاوزات کی بھرمار ‘گھنٹوں ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا ‘دکانداروںنے سڑک کو گھیر رکھاہے ‘راہگیر وںکو دشواری کا سامنا ‘ اکثر اوقات راہگیر ٹریفک جام رہنے سے آپس میںتوتکرار کرنے لگے‘اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کامطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق کھوکھا بازار میں آٹور کشہ سپیئر پارٹس و مکینک کی دوکانیں ہیں اور رکشہ ٹھیک کرانے کیلئے رکشہ مالکان شاپس پر آتے ہیں تو جگہ کم ہونے سے مکینک سڑک پر رکشہ کھڑا کرکے ٹھیک کرناشروع کردیتے ہیں جس کے باعث سڑک پر رکشے کھڑے ہونے سے ٹریفک جام ہوجاتی ہے ۔ اس کے علاوہ متعدد دیگر کاروباری افراد نے بھی سڑک تک اپنی دوکانوں کا سامان رکھاہواہے۔ ٹریفک جام رہنے سے اکثر اوقات راہگیر آپس میں تو تکرا ر کرتے رہتے ہیں۔ شہریوںنے کمشنر ساہیوال اور میئرساہیوال تجاوزات کے خلاف آپریشن کا مطالبہ کیاہے۔

ساہیوال(بیو رو رپورٹ)رمضان المبارک کی آمد سے قبل ذخیرہ اندوز مافیا چھاگیا ‘غریب عوام لٹنے پر مجبور ‘کھانے پینے سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں خود ساختہ مہنگائی کی بدولت آسمان پر جا پہنچیں‘ حکام سے نوٹس لینے کامطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی ذخیراندوزی کرنے والے عناصر سرگرم ہوگئے ہیںجس سے مصنوعی مہنگائی پیدا ہونے کا امکان ہے۔ شہریوںکا کہناہے کہ سبزی وفروٹ منڈی‘ کریانہ مرچنٹ ‘گوشت ودیگر اشیائے خورونوش کی خریداری کے دوران خود ساختہ مہنگائی کے عذاب سے دوچار ہونا پڑتاہے۔ مافیا ریٹ لسٹ کے برعکس کوالٹی کے نام پر عوام کو لوٹ رہاہے ۔ پرائس کنٹرول افسران کی عدم دلچسپی کے باعث دوکانداروںنے اپنی من مرضی کے ریٹ لگا رکھے ہیں اور انہیں کوئی پوچھنے والا نہیںاگر کوئی ایکشن بھی کرتاہے تو چھوٹے موٹے دکانداروں کو جرمانہ کرکے کارروائی مکمل کرلی جاتی ہے ۔ شہریوں نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سے رمضان المبارک سے قبل اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کامطالبہ کیاہے۔

ساہیوال(بیو رو رپورٹ)ریلوے روڈ پر زورد ار دھماکہ ‘گیس سلنڈر ٹینکی پھٹنے سے دکاندار سمیت 3۔ افراد زخمی ‘ایک کا چہرہ شدید زخمی ۔ تفصیلات کے مطابق ریلوے روڈ پر سٹیڈیم چوک کے قریب گیس سلنڈر ٹینکی زوردار دھماکے کے ساتھ پھٹنے کے نتیجہ میں 3۔ افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں 2دکاندار اور ایک کسٹمر شامل ہے ۔ گاڑی کا کام کرانے کیلئے آنے والے نوجوان کے چہرے سمیت متعدد کٹ لگے ہیں اور وہ بری طرح زخمی ہوا ہے ۔ زخمیوں کو فوری طور پر ریسکیو 1122کے عملہ نے طبی امداد دیکر ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا ۔دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ قریبی دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے ۔ پولیس مصروف تفتیش ہے ۔

ساہیوال(بیو رو رپورٹ)چوری دو مختلف وارداتوں میں نامعلوم ملزمان دو موٹرسائیکلیں چراکرلے گئے ‘چوری کی واردات بلدیہ دفتر میںہو ئی یہاں نامعلوم ملزمان نے محمد شفیق کی موٹرسائیکل بلا نمبری مالیتی63500روپے بلدیہ دفتر سے چرالی۔ دوسری واردات فتح شیرکالونی میںہو ئی یہاں نامعلوم ملزمان نے احد احمد کی موٹرسائیکل نمبری3456/SLK مالیتی50ہزارروپے ایک آئی ہسپتال کے باہر سے چرالی۔ پولیس نے الگ الگ مقدمات درج کرلئے ہیں۔

ساہیوال(بیو رو رپورٹ)منشیات فروشوں کے خلاف پولیس کے چھاپے ‘45لیٹرشراب معہ دو چالو بھٹیاں اور بھنگ برآمد ‘3ملزمان گرفتار۔ پولیس نے منشیات فروشوںکے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 81/5-Rمیں چھاپہ مارکر 18لیٹرشراب معہ چالو بھٹی ‘ 55/G-Dمیں شوکت علی سے 27لیٹرمعہ چالو بھٹی اور 55/G-Dمیں ڈھولا سے 6کلو بھنگ برآمد کرکے ملزمان کو گرفتارکرلیا۔پولیس نے الگ الگ مقدمات درج کرلئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں