99

چائے کی دکان میں ناقص گیس سلنڈر کوآگ لگنے سے 4 دکانوں کونقصان‘ موٹرسائیکل ‘سائیکل اور کپڑاجل گیا،،،ساہیوال کی مزید خبریں

ساہیوال(رانا محمد یحی فاروقی سے) چائے کی دکان میں ناقص گیس سلنڈر کوآگ لگنے سے 4 دکانوں کونقصان‘ موٹرسائیکل ‘سائیکل اور کپڑاجل گیا‘ ریسکیو 1122 کوتجاوزات کے باعث راستہ نہ ملا‘ ریسکیو گاڑی آدھ منٹ کافاصلہ 15منٹ میں طے کرسکی۔ تفصیلات کے مطابق دیپالپوربازار سے پاکپتن بازار میں داخل ہوتے ہی دائیں گلی میں چائے والی دکان پرناقص سلنڈرگیس کوآگ لگ گئی اور دکان میں آگ پھیل گئی‘آگ لگنے سے باہر کھڑی سائیکل اورموٹرسائیکل جل گئی جبکہ قریبی تین دکانوں کوبھی نقصان ہواجس میں منشی سردار کی کپڑے والی دکان کالاکھوں روپے کاکپڑا جل گیا۔ ریسکیو 1122 کاعملہ فوری پہنچ گیا لیکن جوگی چوک سے دیپالپور بازار میں داخل ہوتے ہی تجاوزات اور رش کے باعث راستہ نہ ملا اورچند گز کافاصلہ تقریباً 15منٹ میں طے ہوا اور عملہ نے پانی ڈال کر فوری آگ پر قابوپالیا۔مختلف حلقوں نے کہاہے کہ بازاروں میں تجاوزات کے باعث ریسکیو 1122کی گاڑی کوراستہ نہ ملنا کسی وقت خطرناک بھی ہوسکتا ہے ۔تجاوزات کے خاتمے کےلئے کارپوریشن حکام عملی اقدامات اٹھائیں۔ شہریوں نے میئرساہیوال سے نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے۔

ساہیوال( بیورورپورٹ) پاکستان مسلم لیگ ن کے ممبر صوبائی اسمبلی محمدا رشد ملک نے وفاقی وزیر احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ وفاقی وزراءپر حملہ کسی سازش کا حصہ معلوم ہوتا ہے۔احسن اقبال پر حملہ سکیورٹی اداروںپر سوالیہ نشان ہے۔ اخبار نویسوںسے گفتگوکرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ملک دشمن قوتیں اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے میاں نوازشریف کی ٹیم کو ڈرا دھمکا کر ملکی ترقی میں رکاوٹ ڈالنا چاہتی ہیں جبکہ ان کی یہ سازش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ گرفتار ملزم کا ختم نبوت کے معاملہ پر اعتراف جرم ناکافی ہے سکیورٹی ادارے تفتیش کے ذریعے اصل حقائق کی چھان بین کرکے ملزم کو قوم کے سامنے لائے۔ انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ ن پر کوئی مشکل وقت نہیں ووٹ کا اختیار عوام کے پاس ہے اور وہ میاں نوازشریف سے محبت کرتے ہیں ۔ 2018کے الیکشن میں وزارت عظمیٰ کا خواب دیکھنے والوں کو منہ کی کھانا پڑےگی اور انکا خواب ہمیشہ کےلئے چکنا چور ہو جائےگا۔ عمران خان جھو ٹ بولنے پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے اور یوٹرن لینے کی وجہ سے اپنی سوچ کا اظہار کرچکے ہیں۔ 22کروڑ عوام عام انتخابات میں جھوٹ‘ منفی اور انتشار کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کردینگے۔

ساہیوال( بیورورپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے راہنما حاجی شےخ محمد چوہان نے کہاہے کہ موجودہ حکومت کی ہر پالیسی بری طرح ناکامی سے دو چار رہی ہے ان کی کارکردگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ۔ ن لیگ نے اپنے مفادات کےلئے پاکستانی اداروں کا بے دریغ استعمال کیا جس کی وجہ سے پاکستان معاشی ‘سیاسی ‘سماجی اور سفارتی طور پر بدحالی کاشکار ہے۔ اخبار نویسوںسے گفتگوکرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ آئندہ الیکشن میں عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے ن لیگ کو نظر انداز کردیںگے ۔ 35سال سے پاکستان پر قبضہ کرکے بیٹھنے والے حکمران نوازشریف نے عوام کو لولی پاپ کے سواکچھ نہیں دیا۔ عمران خان ملک وقوم کے روشن مستقبل اور قوم کی لوٹی ہوئی دولت کو واپس لانے کی جنگ لڑرہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ن لیگیوں کی نظر میں اگر ووٹ کی عزت ہوتی تو دو ر اقتدار میں نوازشریف صرف دو تین مرتبہ ایوان میں جانے کی بجائے ایوان میں اپنی حاضری اور موجودگی یقینی بناتے۔ حکمرانوںنے جیت کے بعد ووٹ کی بے توقیری کی اب کس منہ سے ووٹ کو عزت دوکی بات کررہے ہیں۔

ساہیوال( بیورورپورٹ) جھال روڈ پر سٹریٹ لائٹس کے ساتھ نصب فینسی لائٹس چالو نہ ہوسکیں ‘کارپوریشن عملہ ادھورا کام چھوڑ کر غائب‘ حکام سے نوٹس سے لینے کامطالبہ ۔ تفصیلات کے مطابق 2ماہ قبل میونسپل کارپوریشن کی جانب سے جھال روڈ پر نصب سٹریٹ لائٹس کے ساتھ خوبصورتی کیلئے فینسی ڈیزائن والی لائٹس نصب کی گئیں جو ابھی تک چالو نہ ہوسکیں ۔ شہریوں کا کہناہے کہ جھال روڈ کی سٹریٹ لائٹس تو آج تک مکمل طورپر چالو نہ ہوسکی اور نہ ہی سٹریٹ لائٹس پر نصب بلب مکمل ہوئے ہیں سٹرک کے ایک طرف بلب اور دوسری جانب پول خالی ہے ۔ میونسپل کارپوریشن کا عملہ سٹریٹ لائٹس تو مکمل طورپر چالو کر نہ سکا اور سٹریٹ لائٹس کے ساتھ فینسی لائٹس نصب کردیں جو 2ماہ بعدبھی چالو نہ ہوسکیں۔ انہوںنے کہاکہ جھال روڈ پر سٹریٹ لائٹس کے خالی کھمبے اور اس کےساتھ لگی فینسی لائٹس کارپوریشن اور متعلقہ یونین کونسل کے چیئر مین کی کارکردگی پر نہ صرف سوالیہ نشان ہے بلکہ کارپوریشن کے بجٹ کا غیر ضروری استعمال ہے۔ انہوں نے کمشنر ساہیوال اور میئر ساہیوال سے سٹریٹ لائٹس کے ساتھ نصب فینسی لائٹس چالو کرانے کامطالبہ کیاہے۔

ساہیوال( بیورورپورٹ) ٹرین سے گرنے والا 60سالہ شخص موقع پرہی جاں بحق۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سے کراچی جانیوالی شالیمار ایکسپریس ٹرین جب ساہیوال ریلوے اسٹیشن کے قریب پہنچی توٹرین کے دروازے میں کھڑا 60سالہ چیچہ وطنی کا رہائشی عبدالمنان اچانک نیچے گرگیا جس کے نتیجہ میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ ریسکیو 1122 کی گاڑی موقع پرپہنچی لیکن عبدالمنان دم توڑچکاتھا۔ ریلوے پولیس نے مذکورہ شخص کی لاش قبضہ میں لیکر ضروری کارروائی شروع کردی ہے۔

ساہیوال( بیورورپورٹ) تیز رفتاری اورلاپرواہی سے گاڑیاں چلانے والے 3ڈرائیور گرفتار‘مقدمات درج ۔ تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس اور پٹرولنگ پولیس نے تیز رفتاری اور لاپرواہی سے گاڑیاں چلانے والے ڈرائیورز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ویو ہوٹل کے قریب 8642/SLGکے ڈرائیور نذر محمد ‘موضع چوکھنڈی کے قریب ٹرک نمبری 4250/GLTکے ڈرائیور محمدخاور اور 57/4Rکے قریب ٹریکٹر ٹرالی نمبری 3276/SLDکے ڈرائیور محمدالطاف کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں۔

ساہیوال(بیورورپورٹ)2منشیات فروشوں سے 1545گرام چرس اور 24لیٹرشراب برآمد ‘ملزمان گرفتار ۔ڈی پی او ساہیوال محمدعاطف اکرام کی ہدایت پر پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کے دوران 80/5Rمیں نامور منشیات فروش محمدعمران سے 1545گرام چرس ‘40گرام ہیروئن اور 50/GDمیں عبدالخالق سے 24لیٹر شراب برآمد کرکے ملزمان کو گرفتارکرلیا ۔پولیس نے الگ الگ مقدمات درج کرلئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں