45

دنیا کا کم عمر طویل القامت نوجوان حکومت کی عدم توجہی کے باعث بےماریوں کا شکار ہونے لگا،،،چکوال کی مزید خبریں

چکوال(عبدالغفور منہاس سے)دنیا کا کم عمر طویل القامت نوجوان حکومت کی عدم توجہی کے باعث بےماریوں کا شکار ہونے لگا چکوال کے مختلف سکولوںاور کالجز میں امدادی فنڈ اکٹھا کرنے کے لیے مہم شروع کردی۔ ملک بھر کے دیگر علاقوں میں بھی امدادی دورے کرنے کا اعلان کر دیا۔ بہاولپور کے رہائشی حق نواز جس کی عمر 29سال ہے اور اس کا قد 7فٹ9انچ ہے جو تیزی کے ساتھ بڑھ رہا ہے حق نواز چودہ میٹر پر مشتمل شلوار قمیض پہنتا ہے ۔حق نواز کا قد بڑھنے کے ساتھ ساتھ بازو اور ٹانگوں کی ہڈیاں ٹیڑھی ہو رہی ہیں جس پر اس نے حکومت پاکستان اور دیگر مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ اس کا علاج کروائیں اور کسی جگہ اچھی سی نوکری دلوائیں تاکہ وہ چین سے زندگی بسر کر سکے۔حق نواز آج کل نجی کالجز اور سکولوں کا دورہ کر رہا ہے گزشتہ روز اس نے ونگز کالج جہلم روڈ اور دی الساءہاﺅس اینڈ سکالرز سکول ڈھوک فیروز کا دورہ کیا۔ جہاں پر طلباءو طالبات نے کم عمر طویل القامت نوجوان کا استقبال کیا اور گروپ فوٹو بنوائے ۔بچوںنے اپنی جیب خرچ سے حق نواز کی بھرپور مالی امداد کی۔

چکوال(بیورو رپورٹ)تحریک لبیک پاکستان کے ضلعی سیکرٹریٹ کا افتتاح 15مئی بروز منگل مدثر پلازہ جہلم روڈ چکوال میں کیا جا رہا ہے جس کے مہمان خصوصی پیر سید عنایت الحق شاہ سلطان پوری ہونگے۔ تحریک لبیک پاکستان کے عہدےداران سید تصدق منظور اور زین العابدین رضوی نے کارکنوں کو دعوت نامے جاری کر دئیے ہیں۔ دریں اثناءضلعی سیکرٹریٹ کے افتتاح کے موقع پر تحریک لبیک پاکستان کا تنظیم سازی کیمپ بھی لگایاجائے گا جس میں آن لائن تنظیم سازی اور شمولیت فارم پر کیے جائیں گے۔ سید تصدق منظور شدہ اور زین العابدین رضوی نے کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے دوست احباب کے ہمراہ چار بجے تک کیمپ میں پہنچ جائیں تاکہ پروگرام کا بروقت آغاز کیا جا سکے۔

چکوال(بیورو رپورٹ)دنیا کے کم عمر طویل القامت نوجوان حق نواز نے اداکارہ میرا خان کے بعد ریحام خان سے شادی کی خواہش کا اظہار کیا ہے اور پیغام دیا ہے کہ ریحام خان کی اگر اس سے شادی ہو جائے تو وہ اسے خوش رکھ سکے گا ۔حق نواز نے چکوال میں تعلیمی اداروں کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ ریحام خان سے شادی کا خواہش مند ہے حق نواز نے بتایا کہ وہ غیر شادی شدہ ہے اور دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنا چاہتا ہے۔حق نواز کا کہنا ہے کہ جب وہ چودہ سال کی عمر کا تھا تو اس کا قد اچانک تیزی کے ساتھ بڑھنا شروع ہو گیا اور آج وہ 29سال کی عمرمیں پونے آٹھ فٹ قد کا حامل ہو چکا ہے اس کی شادی ابھی تک نہیں ہوئی اور وہ چاہتا ہے کہ ریحام خان سے اس کی شادی ہو جائے۔ڈیڑھ سال قبل طویل القامت نوجوان حق نواز نے اداکارہ میرا سے شادی کی خواہش کا اظہار کیا تھا مگر اب اس کا ارادہ تبدیل ہو چکا ہے اور وہ ریحام خان کے ساتھ شادی کو ترجیح دے رہا ہے۔

چکوال(بیورو رپورٹ)دلجبہ جنگل میںمحافظ خود ہی لٹیرے بن گئے محکمہ جنگلات کے اہلکار دلجبہ جنگل کے جنگلات کا صفایا کرنے پر تل گئے۔ دلجبہ جنگل میں لکڑی آہستہ آہستہ ختم ہو رہی ہے جس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ مذکورہ علاقے کا بلاک افسر کامران سپاہی شجاعت اور چوآسیدن شاہ علاقے کا ظہور احمد دیگر کرپٹ اہلکاروں کے ساتھ مل کر مال پانی لے کر دلجبہ کے جنگل سے لکڑیاں فروخت کر رہے ہیں۔ جس کی وجہ سے دلجبہ جنگل میں لکڑی آہستہ آہستہ ختم ہو رہی ہے۔ ذمہ داران کو فوری طور پر محکمہ جنگلات کے کرپٹ افسران اور اہلکاروں کے خلاف نوٹس لینا چاہئے۔

چکوال(بیورو رپورٹ)عظیم سماجی شخصیت راجہ مجاہدافسر نے گورنمنٹ کمرشل کالج کے ساتھ کیا ہوا وعدہ پورا کر دیا اور ایک لاکھ کا چیک پرنسپل پروفیسر سخاوت حسین آزاد کے حوالے کر دیا، راجہ مجاہد افسر نے گزشتہ ہفتے گورنمنٹ کمرشل کالج آف کامرس پنوال روڈ چکوال کی تقریب تقسیم انعامات میں شرکت کی تھی اور خطاب کے دوران اعلان کیا تھا کہ وہ ایک لاکھ روپے کا عطیہ کامرس کالج چکوال کو دیں گے۔ گزشتہ روز حسب وعدہ راجہ مجاہد افسر نے ایک لاکھ روپے کا چیک پرنسپل کالج پروفیسر سخاوت حسین آزاد کے حوالے کیا جس پر پروفیسر سخاوت ور دیگر سٹاف نے راجہ مجاہد افسر کا نہ صرف شکریہ ادا کیا بلکہ انہیں خراج تحسین بھی پیش کیا۔

چکوال(بیورو رپورٹ)آڑہ بشارت روڈ پر جنرل مشتاق بیگ شہید ہسپتال کے سامنے مسافر بس حادثہ کے ذمہ دار کم عمر ڈرائیور کے خلاف چار افراد کی ہلاکت اور اٹھائیس افراد کے زخمی ہونے کامقدمہ درج کرلیاگیا۔ مقدمہ تھانہ چوآسیدن شاہ میں درج کیا گیا ہے اور تعزیرات پاکستان کی چھ دفعات لگائی گئی ہیں۔ مسافر بس نمبر ایف ڈی آئی8544جسے کم عمر ڈرائیور محمد وقاص ولد محمدادریس ساکن ڈھوک گجر آڑہ چلا رہا تھا آڑہ سے مسافروں کو لےکرچوآسیدنشاہ کی طرف آ رہی تھی کہ جنرل مشتاق بیگ شہید ہاسپٹل کے سامنے خطرناک اترائی پر گاڑی کی بریک فیل ہو گئی اور گاڑی نے قلابازیاں کھانا شروع کر دیں۔ ڈرائیور محمد وقاص صورتحال کو دیکھتے ہوئے بھاگ کھڑا ہوا گاڑی کی چھت پر بیٹھا متوفی نفیس ساکن وہالی زیر نے بس کی چھت سے چھلانگ لگا کر اپنے آپ کو بچانے کی کوشش کی مگر اس کا سر زور سے سڑک پر پٹخ گیا جس سے اس کی موت واقع ہو گئی جبکہ دیگر تین خواتین نسیم اختر زوجہ غلام حبیب ساکن ڈھوک گجر آڑہ، مسرت شاہین زوجہ محمد فاضل ساکن ڈھوک گجر آڑہ ،ساجدہ ساکن گوڑھا راجگان بس کے اندر موجود تھیں جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال جا کر دم توڑ گئیں۔دیگر جو مسافر شدید زخمی ہوئے ان میں آڑہ کے محفوظ اختر، ابراہیم، اوصاف حسین، عابدہ، اسالت نور، وہالی بالا کی بلقیس بیگم، فاطمہ، مرزا اشرف، رابعہ، روزینہ، رابعہ بتول،محمد افضل، مہرین، فضیلت، محمد جہانگیر ،سہیل،مرزا ارشد بیگ، ناصرہ، لہڑی کاکاں کا غلام مرتضیٰ، گوڑھا کا مرتضیٰ ،بھروال کی ثوبیہ کنول، کرن ناز، منہالہ کی ام رباب، لہڑ سلطان پور کی کلثوم اور تہمینہ شامل ہےں۔گاڑی میں جہاں جاں بحق ہونے والی تین خواتین تھیں وہاں پر شدید زخمی ہونےوالوں میں بھی زیادہ تر تعداد خواتین ہی کی ہے۔چوآسیدن شاہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

چکوال(بیورو رپورٹ)آڑہ بشارت روڈ پر حادثے کاذمہ دار کم عمر ڈرائیور ہے ڈرائیور محمد وقاص ولد محمد ادریس ڈھوک گجر آڑہ کا رہائشی بتایاجاتاہے معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ کم عمر ڈرائیور کی عمر اٹھارہ سال کے لگ بھگ ہے اور اسکا ابھی تک ڈرائیونگ لائسنس بھی نہیں بنا۔ علاقہ کے مکینوں کے مطابق محمد وقاص پہلے بھی مسافر بس ڈرائیو کرتا رہتا ہے اور آج تک کم عمر ہونے کے باوجود انتظامیہ یا کسی ذمہ
دار ادارے نے اس کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی۔جس کے نتیجہ میں یہ حادثہ پیش آیا۔

چکوال(بیورو رپورٹ)پٹرولنگ پوسٹ بھون کی بڑی کاروائی،گاڑی میں شراب لے کر جاتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا، پٹرولنگ پوسٹ بھون پر تعینات اے ایس آئی محمد عرفان چوہدری نے اپنی ٹیم ملک سجاد و چوہدری قاسم، عدیل ملک کے ہمراہ پٹرولنگ پوسٹ بھون کے سامنے ناکہ بندی کر کے گاڑی میں شراب لے کر جاتے ہوئے ندیم احمد ولد راجہ منیر ساکن سلوئی ،محمد عمران ولد منصب خان ساکن ارڑ، حسنین عباس ولد مظہر حسین ساکن تین مرلہ سکیم کو گرفتار کر کے تھانہ کلرکہار پولیس کے حوالے کر دیا، عوامی وسماجی حلقوں نے پٹرولنگ پولیس کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیاہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں