95

رمضان المبارک کا ایک بار پھر ہماری زندگی میں آنا اللہ تعالی کی بہت بڑی نعمت ہے ، ہمیں اس نعمت کی قدر کرنی چاہیے۔امام کعبہ

مکة المکرمہ ( پاکستان اپ ڈیٹس) امام کعبہ شیخ صالح آل طالب نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کو رمضان المبارک میں اپنا کڑا احتساب کرنا چاہیے۔رمضان المبارک میں اللہ تعالی سب سے زیادہ اپنے بندوں کو جہنم سے آزادی کا انعام عطا کرتا ہے۔رمضان المبارک کا ایک بار پھر ہماری زندگی میں آنا اللہ تعالی کی بہت بڑی نعمت ہے ، ہمیں اس نعمت کی قدر کرنی چاہیے۔رمضان کی پہلی رات شیطانوں اور سرکش جنوں کو جکڑ دیا جاتا ہے، جہنم کے دروازے بند کردیے جاتے ہیں اور جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے مکة المکرمہ میں پیغام نیٹ ورک کی طرف سے استقبال رمضان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جس سے امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث سینیٹر پروفیسر ساجد میر ناظم اعلی، ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے بھی شرکت کی۔ امام کعبہ کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں صیام وقیام کے علاوہ حسب استطاعت صدقہ بھی کرنا چاہیے اور نیکی کے کام کثرت سے کرنے چاہییں۔ رسول اللہ ﷺ اس مبارک مہینے میں خیر کے تمام کاموں کی طرف سبقت لے جاتے تھے۔ رمضان المبارک کے اہم اعمال میں سے ایک عمل روزے کے دوران زیادہ سے زیادہ دعا، استغفار اور ذکر الہی کرنا ہے کیونکہ روزہ دار کی دعا ان دعاﺅں میں سے ہے جو اللہ تعالی کے ہاں قبول ہوتی ہیں ۔امام کعبہ نے دعوت وتبلیغ کے فروغ میں پیغام نیٹ ورک کے کام کو سراہا اور کہاکہ دینی قوتوں کو ذرائع ابلاغ کے میدان میں آگے آناچاہیے۔ قرآن وسنت کی دعوت کے پھیلاﺅ کے لیے ہر قسم کے جدید وسائل اور ذرائع استعمال میں لانے چاہیے۔پروفیسرساجد میر نے اس موقع پر کہا کہ رمضان رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے۔ اس کی برکات کو سمیٹنے کے لیے اپنی کمر کس لینی چاہیے۔یہ نزول قرآن کا بھی مہینہ ہے ۔ اس میں زیادہ سے زیادہ تلاوت قرآن کا اہتمام ہو ناچاہیے۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان اسلام کی دعوت کے فروغ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے ، پیغام نیٹ ورک اسکی زندہ مثال ہے ۔تقریب میں امام کعبہ نے شرکا ءتقریب میں شلیڈز بھی تقسیم کیں جبکہ پروفیسر ساجد میر کی طرف سے امام کعبہ کے لیے خصوصی شیلڈ پیش کی گئی ۔ تقریب میں ڈاکٹر محمد حماد لکھوی، عبدالمالک مجاہد، مولانا عبدالباسط شیخوپوری، مولانا یوسف پسروری، مولانا سلمان اعظم ودیگر نے بھی شر کت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں