71

فاٹا کو قومی دھارے میں شامل کرنا پوری قوم کے لئے خوشی کا باعث ہے، محب وطن قبائلی عوام کی فلاح و بہبود کی طرف پہلا قدم ہے: سیف اللہ خالد

لاہور(پاکستان اپ ڈیٹس)ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے کہا ہے کہ فاٹا کو قومی دھارے میں شامل کرنا پوری قوم کے لئے خوشی کا باعث ہے۔ اور محب وطن قبائلی عوام کی فلاح و بہبود کی طرف پہلا قدم ہے۔قومی اسمبلی میں فاٹا کے خیبر پختونخواہ میں انضمام کے حوالہ سے بل پاس ہونے پر فاٹا کے بھائیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔فاٹا کے لوگوں نے ہمیشہ پاکستان کے لئے قربانیاں دیں ۔قومی اسمبلی سے بل پاس ہونا محفوظ اور مستحکم پاکستان کے لئے بنیادی اور کلیدی فیصلہ ہے۔رمضان اور پاکستان کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔نظریہ پاکستان کی بنیاد پر اتحاد قائم کر کے دشمن کی تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیرشاہ کالونی میں افطار پروگرام اور بعد ازاں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سیف اللہ خالد نے کہا کہ قومی اسمبلی نے فاٹا کے خیبر پختونخواہ میں انضمام کا بل پاس کیا ،بل کے حق میں ووٹ دینے والے اراکین پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور فاٹا کی عوام کو مبارکباد دیتے ہیں۔آج ان کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ فاٹا کے خیبر پختونخواہ میں انضمام سے فاٹا میں ترقی ہو گی۔معاشی طور پر لوگ آگے بڑھیں گے۔بہترین تعلیم کے راستے ہموار ہوں گے اور ان کے محرومیوں کا خاتمہ ہو گا۔فاٹا کے غیور لوگوں نے ہمیشہ پاکستان کے محافظ کا کردار ادا کیا۔ملک دشمن عناصر نے بھی فاٹا کو ہدف بنایا ہوا تھا اب وطن عزیز میں ہونے والی دہشت گردی و تخریب کاری کا سلسلہ بھی رک جائے گا اورفاٹا ترقی کی جانب بڑھے گا ۔انہوں نے کہا کہ فاٹا کے باسیوں کو اب پاکستان کے آئین اور قانون کے مطابق حقوق ملیں گے۔سیف اللہ خالد نے کہا کہ رمضان المبارک میں اللہ تعالیٰ نے امت محمدﷺ کے لئے بے شمار انعامات رکھے ہیں۔رمضان فتوحات،اللہ کی نصرت و مدد کا مہینہ ہے۔رمضان المبار ک میں پاکستان کا قیام یہ بھی اللہ کا بہت بڑا انعام ہے۔رمضان اور پاکستان کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔رمضان کی برکتوں سے اللہ نے برصغیر کے مسلمانوں کو وطن عزیز عطا فرمایا جس کے لئے لاکھوں قربانیاں دینی پڑی اور ہجرتیں بھی کرنی پڑیں۔قائداعظم اور ان کے ساتھیوں کی بے مثال جدوجہد کے نتیجے میں یہ ملک ہمیں ملا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم ریاست ہے۔پاکستان کو بنے ستر برس گزر گئے دشمن آج بھی پاکستان کے وجود کو ختم کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔لاالہ الاللہ کا پاکستان،اسکا استحکام،امن و امان دشمنوں کو برداشت نہیں۔وہ اس کی نظریاتی اقدار کو بدلنا چاہتے ہیں۔ہم نظریہ پاکستان کی بنیاد پر پاکستان کے سب دشمنوں سے مقابلہ کریں گے۔قائداعظم کے پاکستان کو محفوظ و مضبوط کریں گے اور ناقابل تسخیر بنائیں گے۔پوری قوم کو متحد ہو کر حالات کو سمجھنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کئے ہمارا سب کچھ قربان ہے۔پاک وطن کے دفاع کے لئے بہادر افواج کے شانہ بشانہ رہیں گے۔اسوقت قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں