61

افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مختصر مدت کی جنگ بندی قابل تحسین اقدام ہے:شاہ سلمان

الریاض(پاکستان اپ ڈیٹس )سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے افغانستان کی حکومت اور طالبان کے درمیان عیدالفطر پر جنگ بندی کی حمایت کرتے ہوئے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔ شاہی دیوان کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مختصر مدت کی جنگ بندی قابل تحسین اقدام ہے۔ توقع ہے کہ فریقین جنگ بندی کو مزید توسیع دے کر افغان عوام کو امن وآشتی کے عمل کی طرف لے جانے میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہمیں احساس ہے کہ افغان عوام کو جنگوں اور دیگر کئی مصائب نے بری طرح متاثر کیا ہے۔ افغان حکومت اور طالبان کو ماضی کی تلخیوں کو فراموش کرکے، مصالحت، رواداری، بھائی چارے کی فضاء قائم کرنی اور ایک نئے دور کا آغاز کرنا ہوگا۔ فریقین کو تشدد کا راستہ ترک کر کے شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کے بجائے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں فرقہ واریت کی لعنت سے دور رہتے ہوئے نیکی، تقویٰ، عفو ودرگذر، اصلاح اور بھائی چارے کے فروغ دینا ہو گا۔ شاہی بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کی حکومت اور عوام افغانستان میں دیر پا قیام امن، استحکام ، ترقی اور خوش حالی کے خواہاں ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں