43

قوم حافظ محمد سعید کے امیدواروں کی کامیابی کے لئے کردار ادا کرے:محمد یعقوب شیخ

لاہور(پاکستان اپ ڈیٹس )ملی مسلم لیگ کی حمایت یافتہ اللہ اکبر تحریک کے نامزد امیدوار حلقہ این اے125محمد یعقوب شیخ نے کہا ہے کہ بعض سیاستدان کرسی و اقتدار کیلئے ملک بھی گروی رکھنے کیلئے تیار نظر آتے ہیں۔ 25جولائی کو کرسی پر مہر لگا کر عقیدہ ختم نبوت پر وار کرنے والوں کو جواب دینا ہے۔قوم حافظ محمد سعید کے امیدواروں کی کامیابی کے لئے کردار ادا کرے۔اپنے گھر کو لٹیروں اور ڈاکوﺅں سے بچانے کے لئے قوم میں شعورپیدا کریں گے۔پاکستان کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے،نظریہ پاکستان کے احیاءاور آزادی کشمیر کیلئے میدان سیاست میں آئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد القادسیہ چوبرجی میںجمعہ کے اجتماع سے خطاب اور بعد ازاں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔محمد یعقوب شیخ نے کہا کہ ہماری سیاست دین اسلام کے تابع ہو گی اسی سے ملک ترقی کرے گا اور خوشحالی کی جانب گامزن ہو گا۔ وطن عزیز پاکستان دین اسلام کا قلعہ،عالم اسلام کا دفاعی مرکز اور ہمارا گھر ہے۔سیاسی جماعتیں اپنا اپنا منشور لے کر عوام کی طرف جا رہی ہیں۔ڈور ٹو ڈور مہم چل رہی ہے ۔ایسے حالات میں ہم بھی جماعت کے طور پر میدان سیاست میں قدم رکھے ہوئے ہیں اور تمام تر سیاسی تقاضے اور اسلامی اصول و ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے میدان سیاست میں کھڑے ہیں۔دین اسلام جہاں دیگر شعبہ ہائے زندگی میں رہنمائی کرتا ہے وہاں سیاست کے لئے بھی مکمل ضابطہ موجود ہے۔جوسیاست ہم کرنے چلے ہیں اس سیاست کے ستون موجود ہیں۔ان میں سے پہلا اصول توحید ہے،دوسرا رسالت ہے،تیسرا خلافت اور چوتھا شوریٰ ہے۔انہوںنے کہاکہ توحید ہماری سیاست کا بنیادی اصول اور ستون ہے جس کی دعوت لے کر تمام انبیا آئے تھے۔اسلامی سیاست رب کے سامنے جھکنے کی دعوت دیتی ہے۔ہماری زندگی کی مقصد اللہ رب العزت کے دین کی سربلندی ہے۔انسانیت کی خدمت او ر ہمدردی کی سیاست کریں گے،میدان سیاست میںبھی سیرت رسول ﷺ پر عمل ضروری ہے۔یعقوب شیخ نے کہا کہ لوگ یہ اعتراض تو کرتے ہیں کہ بجلی نہیں آتی بل ضرور آتا ہے۔ٹیکسز بڑھائے جا رہے ہیں لیکن جب بات ملک کی آتی ہے تو اپنے ملک کے خزانوں کی چابیاں چوروں،لٹیروں اوربددیانتوںکے حوالے کر دیتے ہیں۔جب اسلامی سیاست آتی ہے تو پھر اللہ امن،خوشحالی اور ترقی بھی دیتا ہے۔ دین اسلام اور وطن عزیز کا تحفظ کریں گے۔معیشت کے نظام کو بہتر کریں گے۔ہم نے ملک بھر میں امیدوار کھڑے کر دیئے جن کا انتخابی نشان کرسی ہے۔ہم الیکشن کا معرکہ ان شاءاللہ جیتیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں