41

پاکستانی قوم کرپشن، لوٹ کھسوٹ اور نظریہ پاکستان سے بے وفائی کرنےو الوں سے تنگ آچکی ہے: پروفیسر حافظ محمد سعید

منڈی بہاﺅالدین (پاکستان اپ ڈیٹس )امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ ملی مسلم لیگ عوام کے دلوں کی آواز بن چکی۔ ہر شہر اور گلی محلوں سے لوگ بے پناہ محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔ پاکستانی قوم کرپشن، لوٹ کھسوٹ اور نظریہ پاکستان سے بے وفائی کرنےو الوں سے تنگ آچکی ہے۔ اسلام، پاکستان اور نظریہ پاکستان سے محبت رکھنے والی قیادت ہی ملک کو درپیش مسائل حل کر سکتی ہے۔ وطن عزیز پاکستان کیخلاف بیرونی سازشوں کا آلہ کار بننے والوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ ہم خدمت انسانیت اور اتحاد کی سیاست کریں گے۔ وہ منڈی بہاﺅالدین میں این اے 86سے ملی مسلم لیگ کی حمایت یافتہ اللہ اکبرتحریک کے امیدوار میاں محمد عرفان اور گجرات میں ملی مسلم لیگ کے ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پرملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد، این اے 86سے امیدوار میاں محمد عرفان، این اے 85سے امیدوار ڈاکٹر یاسر صدیق، پی پی 65سے محمد ارشد آرائیں، پی پی 66سے مہر محمد اکبر، پی پی 67سے امیدوار چوہدری احسان اللہ رانجھا و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ گجرات میں ہونے والے ورکرز کنونشن میں بھی مقامی سیاسی، مذہبی و سماجی شخصیات سمیت تمام مکات فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔منڈی بہاﺅالدین اور گجرات میں حافظ محمد سعید ، سیف اللہ خالد اور دیگر قائدین کی آمد پر ان کا زبردست استقبال کیا گیا۔ شرکاءکی جانب سے پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور ملی مسلم لیگ کے حق میں نعرے بازی کی جاتی رہی۔ جماعةالدعوة کے سربراہ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ ملک میں لوٹ مار کرنے اور پیسے لے کر ووٹوں کی تجارت کرنے والے لوگ زیادہ نہیں ہیں۔ان کی تعدادبہت تھوڑی ہے۔ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے سیاست کو تجارت بنا رکھا ہے۔ یہ حقیقت میں پاکستان کے مفادات کا سودا کرنے والے ہیں۔ اس ملک کو ان سوداگروں کے حوالے نہیں کرنا بلکہ ہم نے حقیقی،تعمیر وترقی کا پاکستان بنانا ہے۔قوم نے بہت دھوکے کھائے ،ان دھوکوں کی وجہ سے بڑی مایوسی نظر آ رہی ہے۔ہمیں پختہ کردار کے ساتھ میدان میں آنا ہے۔ہم نے ثابت کرنا ہے کہ پاکستا ن کسی کی ذاتی جاگیر نہیں بلکہ یہ لاالہ الااللہ محمد رسول اللہ کی جاگیر ہے۔ہم نے اس پر ایک تحریک برپا کرنی اورمشن کھڑا کرکے لوگوں کواس سے وابستہ کرنا ہے۔انہوںنے کہاکہ جس سیاست کا ملی مسلم لیگ نے آغاز کیا ہے دنیا ان شاءاللہ جلد اس کے ساتھ چلے گی جس طرح قیام پاکستان کے وقت لوگ اخلاص کے ساتھ متحد ہو کر چلے تھے۔ میں اس وقت نوجوانوں کو ایک نئے جذبے اور ولولے سے سرشار دیکھ رہا ہوں۔ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے کہا ہے کہ ملی مسلم لیگ کی حمایت یافتہ اللہ اکبر تحریک کو پورے ملک میں زبردست حمایت اور پذیرائی مل رہی ہے۔25جولائی کو محب وطن عوام کرسی پر مہر لگائیں۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے دشمن کی سازشوں کو متحد ہو کر ناکام بنانا ہے۔ہماری اخلاقی اقدار پر بھی دشمن حملہ آور ہے۔ نوجوان نسل کی تربیت دین اسلام کے مطابق کرنے کی ضرورت ہے ۔ این اے 86سے امیدوار میاں محمد عرفان، این اے 85سے امیدوار ڈاکٹر یاسر صدیق، پی پی 65سے محمد ارشد آرائیں، پی پی 66سے مہر محمد اکبر، پی پی 67سے امیدوار چوہدری احسان اللہ رانجھا و دیگر نے کہاکہ پاکستان لاالہ الااللہ کے نام پر بنا تھا،اسی نظریئے پر پاکستان قائم رہے گا۔دشمن نے نظام تعلیم کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا۔اس پر سرمایہ کاری کی اور نظریہ کو نظام تعلیم ،نصاب تعلیم سے نکالاگیاتا کہ نوجوان نسل کو دین اسلام سے دور کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ملی مسلم لیگ وطن عزیز پاکستان کو سودی قرضوں سے آزادی دلوائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں