81

سوشل میڈیا آج کے دور میں ایک ہتھیار ہے،جس کے ذریعے سے ملک دشمن قوتیں نوجوانوں کو گمراہ کر رہی ہیں:محمد عبداللہ

ملتان(پاکستان اپ ڈیٹس )ملی مسلم لیگ سائبر ٹیم کے مرکزی رہنما محمد عبداللہ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا آج کے دور میں ایک ہتھیار ہے،جس کے ذریعے سے ملک دشمن قوتیں نوجوانوں کو گمراہ کر رہی ہیں۔سوشل میڈیا کے ذریعے مختلف سازشیں کر کے نظریہ پاکستان پر وار کیا جا رہا ہے۔ہم سوشل میڈیا کے ذریعے الیکشن نہیں بلکہ پاکستان کا مقدمہ جیتیں گے۔ سوشل میڈیا ایک آزاد میڈیا ہے، جس پر نوجوان اپنے اخلاق ووقار کو ملحوظ خاطر رکھیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے شاہ رکن عالم میں مقامی میرج ہال میںملی مسلم لیگ کے زیر اہتمام منعقدہ سوشل میڈیا کنونشن سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب میں اہل علاقہ اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کنونشن سے جماعة الدعوة کے مرکزی رہنما ابو معاذعمران،حلقہ پی پی215سے ملی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ،تحریک اللہ اکبر کے نامزد امیدوار چوہدری محمد عمران میو اورسائبر ٹیم کے ٹرینر وقاص عبداللہ نے بھی خطاب کیا۔محمد عبداللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم عظیم منہج اور منشور کی بنیاد پر میدان میں آئے ہیں۔ حالیہ برسوں میں جتنے بھی الیکشن ہوئے ان میں سوشل میڈیا نے فیصلہ کن کردار ادا کیا ہے۔ امیدوار کی ڈور ٹو ڈور مہم اپنی جگہ اہم ہے لیکن سوشل میڈیا کے ذریعے مہم کے ساتھ نصف کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا ایک آزاد میڈیا ہے، ہم نے اپنے وقار کو ملحوظ رکھنا ہے۔ دوسری پارٹیوں کی طرح تنقید کی بجائے شائستہ، سنجیدہ اورتیز رفتار انتخابی مہم چلانی ہے۔ ہم پگڑیاں اچھالنے کی سیاست نہیں کریں گے۔ ہمیں پاکستانیت کی بنیاد پر سیاست کے عمل کو آگے بڑھانا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں