10

نوازشریف اور مریم نواز رات ایک بجے لندن سے روانہ ہوں گے

اسلام آباد( پاکستان اپ ڈیٹس )سابق وزیراعظم نوازشریف اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ رات ایک بجے لندن سے اڑان بھریں گے اور کل شام 6 بجے تک لاہور ایئرپورٹ پر اتریں گے۔ احتساب عدالت سے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کل نجی ایئرلائن کی پرواز ای وائے 423 کے ذریعے وطن واپس پہنچ رہے ہیں، فلائٹ شیڈول کے مطابق نوازشریف اور مریم نواز رات ایک بجے لندن سے براستہ ابوظہبی لاہور کیلئے روانہ ہوں گے، ابوظہبی میں چند گھنٹے قیام کے بعد نجی ایئرلائن کا طیارہ لاہور کیلئے روانہ ہوگا اور کل شام 6 بجے کے قریب لاہور ایئرپورٹ پر اتریں گے۔لاہور میں مسلم لیگ (ن) نے نوازشریف کے استقبال کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ہے۔ شہباز شریف لوہاری گیٹ سے قافلے کی صورت میں لاہور ایئرپورٹ جائیں گے جب کہ (ن) لیگ کے انتخابی امیدوار مال روڈ اور ریگل چوک پر مرکزی جلوس میں شامل ہوں گے، مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے دوسرے شہروں سے آنے والے قافلوں کو سیدھا ایئرپورٹ پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔سول ایوی ایشن نے لاہور ایئر پورٹ پر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریاں کرلی ہیں ، اے ایس ایف سمیت پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے، اندرون اور بیرون ملک جانے والوں مسافروں کو چار گھنٹے پہلے پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے ، ایئر پورٹ کی حدود میں صرف ٹکٹ ہولڈرز کو داخلے کی اجازت ہوگی۔دوسری جانب نوازشریف اور مریم نواز کو ایئرپورٹ سے ہی گرفتار کرنے کے لیے نیب ٹیم نے اپنی تیاری مکمل کرلی ہے، دونوں کو ایپرن سے ہی گرفتار کرکے ہیلی کاپٹرسے اسلام آباد منتقل کیا جائے گا جب کہ نیب نے وزارت داخلہ سے ایئرپورٹ سے گرفتاری کی اجازت لے لی ہے۔ادھر چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری کے لیے وارنٹ کے مطابق عملدرآمد ہوگا اور رکاوٹ ڈالنے والوں کےخلاف کارروائی کریں گے۔ سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق سیکیورٹی خدشات اور موسم کی خرابی کے باعث جہاز کا رخ موڑا جاسکتا ہے، ایس او پی میں شامل چار میں سے کسی ایک وجہ پر بھی جہاز کا رخ تبدیل جاسکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں