47

ڈکیتی کی وارداتیں کرنے والے بدنام زمانہ گروہ عقیل عرف نونا گینگ کے پانچ ملزمان کو سرغنہ سمیت گرفتار،،،ساہیوال کی مزید خبریں

ساہیوال(رانا محمد یحی فاروقی سے)پولیس تھانہ فتح شیر نے روڈ ڈکیتی کی وارداتیں کرنے والے بدنام زمانہ گروہ عقیل عرف نونا گینگ کے پانچ ملزمان کو سرغنہ سمیت گرفتار کر لیا ۔ ملزمان کے قبضہ سے لاکھوں روپے مالیت کا لوٹا ہوا مال، متعدد موٹر سائیکلیں، قیمتی سمارٹ موبائل فونز ،نقدی اور بھاری تعداد میں ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا گیاہے ۔یہ بات ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال غلام مبشر میکن نے دوران پریس کانفرنس ان وارداتوںکے متاثرہ افراد میں موٹرسائیکلوں کی چابیاں،موبائل فونز اورنقدی تقسیم کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے صحافیوں سے گفتگوکر تے ہوئے بتلایا کہ اس گینگ کے ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر جب پولیس تھانہ فتح شیرنے ان پر ریڈ کیا توانہوں نے پولیس پر سیدھے فائر کئے جس کے نتیجہ میںپولیس کی طرف سے دفاعی فائرنگ میں دو ملزمان زخمی ہوگئے۔ پولیس کی ریڈنگ پارٹی نے انہیں سخت مقابلہ کے بعد گرفتار کر لیا مزید انہوں نے کہا کہ اس گینگ کے ملزمان روڈڈکیتی کے دروان موٹرسائیکل ،نقدی اور موبائل فونز چھینے کی وارداتیں کرتے تھے۔جس وجہ سے یہ گینگ انتہائی مطلوب تھا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال نے بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ڈی ایس پی /ایس ڈی پی او سٹی سرکل ساہیوال ہمایوں افتخار کی زیر نگرا نی ایس ایچ او تھانہ فتح شیر انسپکٹرمحمد ذوالفقار وریا، سب انسپکٹر خالد بشیر ، سب انسپکٹرجواد وسیم، اسسٹنٹ سب انسپکٹرمحمد افضال معہ دیگر ملازمان پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی ۔ جنہوں نے شب و روز محنت اور جدید سائینٹیفک طریقہ تفتیش کے ذریعے اس گینگ کے سرغنہ عقیل عرف نوناولد شفیق مسیح اوراس کے چار دیگر ساتھیوں آصف ولد سکندر، علی عباس ولد یونس ،خالد ولد جہانگیر اور وسیم ولد لشکر کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے لوٹا ہوا مال 09عدد موٹرسائیکلیں،12عدد سمارٹ موبائل فونز اور،نقدی2لاکھ روپے وغیرہ کل مالیتی17لاکھ روپے اور ناجائز اسلحہ پسٹل30بور06عدد اور متعدد تعداد میں گولیاں برآمد کرلیں۔ ملزمان پولیس ضلع ساہیوال کو متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے ملزمان نے کئی وارداتوں کے انکشافات کیے ہیں اور مزید انکشافات کی توقع ہے ۔ انہوں نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے نقد انعام اور سرٹیفکیٹس کا اعلان کیا۔

ساہیوال(بیورورپورٹ)سماج دشمن عناصرشفقت گیلانی کے مسلح غنڈوں کا صحافی پر حملہ،بندوق کے بٹوںاور ڈنڈوں سے تشدد کرتے ہوئے مضروب کرڈالا،صحافیوںکا احتجاج،ڈی پی اونے نوٹس لے لیا۔گزشتہ روز صحافی ملک دلاور سلطان ڈھکو چیئرمین ساہیوال پریس کلب رجسٹرڈ ساہیوال محمد عزیز الحق گورایہ کے کمرہ میں صحافتی فرائض کی بجاآوری میں مصروف تھے۔شفقت گیلانی نے اپنے غنڈوں بغیر وردی گن مین غوری،ملازم زبیر اورسعید کو صحافی پر حملہ کرنے کیلئے بھیج دیا جنہوں نے چیئرمین پریس کلب کے کمرہ میں داخل ہوکر صحافی کوبندوق کے بٹوں اورڈنڈوں سے وارکرتے ہوئے تشدد کا نشانہ بنایا۔شفقت گیلانی غیر قانونی عناصر کی سرپرستی کیلئے بدنام ہے۔صحافی نے گزشتہ روز افواج پاکستان اورپولیس سے اظہاریکجہتی کیلئے ریلی میں شرکت کی اس کی کوریج سوشل میڈیا اوراپنے پرسنل پیج پر کی جس کا شفقت گیلانی کو شدید رنج تھا۔واقعہ کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری پریس کلب پہنچ گئی ۔ڈی پی او غلام مبشرمیکن نے نوٹس لیکر ملزمان کیخلاف کارروائی کیلئے ڈی ایس پی سٹی سرکل ہمایوں افتخارکو ہدایات جاری کردیں ۔دوسری طرف صحافیوں نے ڈی پی اوآفس میں احتجاج کرتے ہوئے ڈی پی او سے مطالبہ کیاکہ پریس کلب سے جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ کیاجائے۔ صحافی کی درخواست ومیڈیکل پر پولیس نے کارروائی کا آغاز کردیا ہے ۔

ساہیوال(بیورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی ملک کا ایک بڑا مسئلہ ہے جسے کم کرنے کیلئے بھر پور طریقے سے شجرکاری مہم چلانا ہو گی اور معاشرے کے ہر باشعور اور ذمہ دار شہری کو اپنا اہم کردار ادا کرنا ہو گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اذان ہائٹس کے سامنے گرین بیلٹ میں شجرکاری مہم کے سلسلہ میں پودا لگانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرڈائریکٹرجنرل پی ایچ اے خالد منظور، ڈائریکٹر ایڈمن حبیب جیلانی وینس،ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس رانا طاہر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر انجینئرنگ اللہ یار بھٹی کے علاوہ سول سوسائٹی کے لوگ بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ درخت لگانا ایک بہترین صدقہ جاریہ ہے جس سے آنیوالی کئی نسلیں بھی مستفید ہو تی رہیں گی اور نیکی کے اس کام کا اجر اللہ پاک آخرت کے ساتھ ساتھ دنیا میں بھی بندے کو عطا کرتا ہے ۔انہوں نے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے تمام لوگوں پر زور دیا کہ وہ شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں اور پودے لگانے کے بعد ان کی مناسب دیکھ بھال کا بھی بندوبست کریں تا کہ انہیں پروان چڑھایا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے کہا کہ آرائشی پودوں کی جگہ روائتی پودے لگانے کے رحجان کو فروغ دیا جائے جو آکسیجن کی فراہمی اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کا اہم ذریعہ ہیں۔انہوں نے ساہیوال کے باشعور طبقات سے اپیل کی کہ وہ عوام میں شجرکاری کے فوائد کیلئے شعور اجاگر کریں تا کہ انہیں درخت لگانے کی ترغیب ملے ۔ ڈائریکٹرجنرل پی ایچ اے خالد منظورنے بتایا کہ شہر بھر میں شجرکاری کیلئے ایک خصوصی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے جو ایک مہینے پر محیط ہو گی اور اس دوران شہر بھر میں پی ایچ اے کی طرف سے 5 ہزار سے زائد پودے لگائے جائیں گے ۔

ساہیوال(بیورورپورٹ)ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر ریاض احمد نے کہا ہے کہ یوم آزادی کے موقع پر شہری ون ویلنگ جیسے خونی کھیل سے اجتناب کریںخلاف ورزی کی صورت میں موٹر سائیکل ضبط کرتے ہوئے والدین اورمکینکس کو بھی گرفتارکیاجائیگا۔اس امر کااظہارانہوں نے صدرچوک میں ون ویلنگ ،کم عمری میں ڈرائیونگ کے نقصانات اور روک تھام کے سلسلہ میں ٹریفک پولیس کی طرف سے کی گئی واک سے خطاب کرتے ہوئے کیاجو صدر چوک سے شروع ہوئی اورٹینکی چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔واک کے شرکاءنے ہاتھوں میں پلے کارڈ،کتبے اوربینرز اٹھارکھے تھے جن پر ٹریفک آگاہی بارے معلومات درج تھیںاس موقع پر انسپکٹر ٹریفک ہیڈکوارٹر عمر فاروق،انچارج ایجوکیشن ونگ حماد احمد بھلر،انچارج ٹریفک ڈرائیونگ ٹریننگ سکول محمدارشد رامے،ریڈرصاحب خان ،ریڈر وسیم عباس سمیت سول سوسائٹی ،طلبہ اورنوجوانوں کی کثیر بھی موجود تھی۔انہوں نے کہاکہ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب صاحبزادہ شہزاد سلطان،ڈی پی او غلام مبشر میکن کے احکامات کی روشنی میں ضلع بھر میں ون ویلنگ کیخلاف کریک ڈاو¿ن کا آغاز کردیاگیا ہے۔موٹروہیکل آرڈیننس 1965کے تحت 6ماہ سے 2سال تک قید یا10ہزار روپے جرمانہ یادونوں سزائیں بھی ہوسکتی ہیںاس کے علاوہ موٹر سائیکل بھی بحق سرکارضبط کرلی جائیگی اوروالدین کو بھی پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 109کے تحت اعانت جرم کا مرتکب قراردیتے ہوئے گرفتارکرلیاجائیگا۔انہوں نے مکینک حضرات کو تنبیہ کی وہ موٹر سائیکل میں ون ویلنگ ،شوراورپٹاخوں کیلئے کسی بھی قسم کی آلٹریشن سے باز رہیںخلاف ورزی کی صورت میں ان کے خلاف بھی بھرپورقانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔اس موقع پر شرکاءمیں ٹریفک آگاہی کے متعلق بروشر،پمفلٹ،ہینڈبلزجبکہ بچوں میں پھول اورجھنڈیاں تقسیم کی گئیں ۔

ساہیوال(بیورورپورٹ)پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد طارق نے کہا ہے کہ مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی اور ان کی مناسب نگہداشت میڈیکل ستاف کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اسے ادا کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروائے کار لائے جائیں گے۔سروس ڈیلیوری کی بہتری کیلئے مشکل انتظامی فیصلے کرنے سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا اور اپنے فرائض میں کوتاہی برتنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔وہ یہاں اپنے دفتر میں تمام ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔اجلاس میں قیوم ہسپتال میں قائم میٹرنٹی وارڈ کو ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال منتقل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا تا کہ زچہ و بچہ کو ایک ہی جگہ تمام طبی سہولیات میسر آ سکیں جبکہ قیوم ہسپتال میں ہیپاٹائٹس کلینک قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔پروفیسر ڈاکٹر محمد طارق نے ہسپتال میں کان کی بیماریوں کی سرجری کا آئندہ پیر سے آغاز کرنے کیلئے تمام ضروری انتظامات فی الفور مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی تا کہ ساہیوال ڈویژن کے مریضوںکو دوسرے شہروں میں جانے کی مشکلات سے بچایا جا سکے ۔

ساہیوال(بیورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے سرکاری زمینوں پر قبضوں کی خبروں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام ریونیو افسران کو ہدایت کی ہے کہ ضلع بھر میں سرکاری زمینوں اور املاک پر قبضے فوری ختم کرنے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں تا کہ سرکاری املاک کی حفاظت کی جا سکے ۔انہوںنے عوام الناس سے بھی اپیل کی کہ وہ ایسے کسی بھی واقعے کی اطلاع فوری طور پر انہیں دیں تا کہ ملوث عناصر کے خلاف سخت ایکشن لیا جا سکے ۔

ساہیوال(بیورورپورٹ)کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کے مینجنگ ڈائریکٹر احمد علی نے عیدالاضحےٰ کے موقع پر منڈی مویشیاں کو شہر سے باہر منتقل کرنے کے حوالے سے بعض اخبارات میں شائع ہونےوالی خبروں اور سول سوسائٹی کے اعتراضات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ منڈی کی بائی پاس پر منتقلی عوام کو کانگو وائرس جیسی جان لیوا بیماری سے بچانے اور شہر میں صفائی کی صورتحال کو ابتر ہونے سے بچانے کیلئے کی گئی ہے ۔اپنی ایک پریس ریلیز میںانہوں نے کہا کہ جھال روڈ پر لگنے والی منڈی تنگ جگہ کی وجہ سے عوام کیلئے مشکلات کا باعث تھی جبکہ بیوپاریوں کے شہر میں آنے سے پی ایچ اے کی طرف سے کی گئی پلانٹیشن بھی تباہ ہونے کا خطرہ تھا ۔ضلعی انتظامیہ کے تعاو ن سے نئی جگہ پر خریداروں اور بیوپاریوں کو ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی تا کہ وہاں کسی پریشانی کے بغیر قربانی کے جانوروں کی خرید وفروخت ہو سکے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں