72

سعودی عرب میں ہر کوئی برابر کا شہری ہے: شاہ سلمان بن عبدالعزیز

مدینہ منورہ (پاکستان اپ ڈیٹس )سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ مملکت میں ہر کوئی برابر کا شہری ہے اور کسی سے امتیازی سلوک نہیں کیا جاتا ہے۔بعض ممالک میں بعض لوگوں کو استثنا حاصل ہے لیکن سعودی عرب میں کوئی بھی شہری کسی کے بھی خلاف شکایت دائر کرسکتا ہے۔انھوں نے یہ بات مدینہ منورہ میں شاہ سلمان عالمی کنونشن سنٹر کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں کہی ہے۔انھوں نے کہا:’’ اللہ ان لوگوں پر رحم فرمائے جو دوسروں کی غلطیوں کی نشان دہی کرتے ہیں۔اگر آپ کوئی ایسی چیز دیکھتے ہیں جس سے آپ کے دین ، یا ملک یا شہریوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور آپ اس کی نشان دہی کرتے ہیں تو پھر اللہ آپ پر رحم فرمائے ‘‘۔انھوں نے کہا کہ ’’ جہاں تک مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کا تعلق ہے تو میرا نام بھی ان لوگوں کے ناموں ہی کی طرح ہے جو مجھ سے پہلے ہو گزرے ہیں اور میں آج خادم الحرمین الشریفین ہوں۔ہم اللہ کے گھر کے خادم ہیں ۔ مکہ اور مدینہ کی خدمات بجا لا رہے ہیں ۔زائرین حج اور عمرہ یہاں آتے ہیں ۔وہ ہماری خدمات پر مطمئن ہوتے ہیں اور شکرگزار ہوتے ہیں۔ ہمارے لوگ خود بھی خدمت کا یہ فریضہ سونپنے پر اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں‘‘۔شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مدینہ منورہ کے دورے کے موقع پر پانی ، بجلی اور صحت کے مختلف منصوبوں کا بھی افتتاح کیا ہے۔ان میں ینبع میں پانی صاف کرنے، بجلی پیداکرنے اور ینبع سے مدینہ منورہ تک آب رسانی کے منصوبے شامل ہیں۔ ان پر 21 ارب سعودی ریال لاگت آئے گی۔اس موقع پر سعودی عرب کے وزیر ماحولیات ، پانی اور زراعت عبدالرحمان الفاضلی نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل کے بعد ساڑھے پانچ لاکھ مکعب میٹر پانی روزانہ چھے پیداواری یونٹوں کے ذریعے سپلائی کیا جائے گا اور پانچ پاور یونٹوں کے ذریعے تین ہزار میگا واٹ سے زیادہ بجلی پیدا ہوگی۔آب رسانی کے منصوبے کے تحت 603 کلومیٹر طویل پائپ لائنیں بچھائی جائیں گے اور ٹینک بنائے جائیں گے جن میں دس لاکھ مکعب میٹر سے زیادہ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی۔اس کے علاوہ پمپنگ اسٹیشن بھی لگائے جائیں گے۔سعودی فرماں روا نے مدینہ منورہ میں 300 بستروں پر مشتمل جدید میقات اسپتال کو شاہ فیصل اسپیشلسٹ اسپتال اور ریسرچ سنٹر میں تبدیل کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے اس موقع پر کہا کہ اس مرکز سے مدینہ منورہ میں صحت کی بہتر سہولتیں دستیاب ہوں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں