67

محکمہ سوئی گیس کے کنکشن لگانے کا ٹھیکہ غیر قانونی طور پرجرائم پیشہ شخص کو دے دیا گیا،،، چکوال کی مزید خبریں

چکوال(بیو رو رپورٹ)محکمہ سوئی گیس کے کنکشن لگانے کا ٹھیکہ غیر قانونی طور پرجرائم پیشہ شخص کو دے دیا گیا۔ مذکورہ شخص کو سوئی گیس آفس چکوال میں ٹاﺅٹ بھرتی کیاگیاہے۔ جبکہ اس کے بیٹے کو بھی غیر قانونی طور پر کرپٹ افسران کی سفارش پر دفتر کے اندر بٹھا کر مال پانی وصول کرنے پر لگادیاگیاہے۔محلہ سرگوجرہ کا رہائشی اعجاز حیدرنامی شخص جو کہ گزشتہ پینتیس سالوں سے فراڈ اور دھوکہ دہی کے متعدد مقدمات میں ملوث چلا آ رہا ہے اور اس کے مختلف تھانوں میں کئی مقدمات درج کیے گئے، موصوف کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ کرپٹ افسران سے جلد اپنے تعلقات استوار بنا کر محکموں کا نام استعمال کر کے رقوم بٹورنے میں ماہر ہیں۔اعجاز نامی شخص کو کنکشن لگوانے کا مکمل ٹھیکہ دیاگیاہے۔ اور اس کا بیٹا ڈسٹرکٹ سوئی گیس آفس میں موجود ہوتا ہے جولوگوں کے ساتھ مک مکاءکر کے کیس اپنے والد کے پاس بھیج دیتا ہے جو باہر باہر سے بھاری رقوم بٹور کر کنکشن لگوا کر دیتے ہیں۔ مذکورہ شخص کے خلاف اب بھی دھوکہ دہی کے مقدمات مختلف عدالتوںمیں زیر سماعت ہیں۔جن پر سماعت گیارہ اکتوبر کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں ہونی ہے جبکہ موصوف کے خلاف تھانہ سٹی میں بھی کچھ عرصہ قبل جعلی چیک دینے کے دو مقدمات درج کیے گئے۔محکمہ سوئی گیس کے ذرائع کے مطابق مذکورہ شخص کو جی ایم اور کمانڈر کی سفارش پر سوئی گیس آفس میں بٹھایاگیاہے۔ شہریوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ سوئی گیس چکوال میں بھاری کرپشن کا فوری طور پرنوٹس لیں اور جرائم پیشہ شخص کو غیر قانونی طور پر کنکشن لگانے کا ٹھیکہ دینے پر کاروائی عمل میں لائیں۔

چکوال(بیو رو رپورٹ)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چکوال عادل میمن نے پہلوان گروپ کے چیف ایگزیکٹو ملک گلشیر اور ڈائریکٹرز عامر سہیل و بابر سہیل کے خلاف درج مقدمہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور ڈی ایس پی صدر سرکل کو ہدایت کی ہے کہ وہ مذکورہ مقدمہ کی تحقیقات میرٹ کی بنیاد پر کریں ۔پہلوان گروپ کے چیف ایگزیکٹو ملک گلشیر،عامر سہیل اور بابر سہیل نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کو درخواست دی تھی کہ مقامی پولیس نے شیخ وقار کی جھوٹی درخواست پران کے خلاف بوگس بنیادوں پر مقدمہ درج کیا ہے حالانکہ شیخ وقار پہلوان گروپ سے فارغ ہو چکا ہے جس کے اصل کاغذات اور تمام ثبوت ان کے پاس موجود ہیں۔شیخ وقار نے اندھیرے میں رکھ کر پی ٹی آئی کا نام استعمال کر کے جھوٹا اور بوگس مقدمہ درج کروایا، جس پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے ڈی ایس پی صدر سرکل کو تحقیقات کے احکامات جاری کیے ہیں۔ دریں اثناءملک گلشیر ،عامر سہیل اور بابر سہیل نے ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت سے عبوری ضمانت قبل از گرفتاری کروا لی ہے اور فاضل جج نے آٹھ اکتوبر کو تھانہ سٹی چکوال سے ریکارڈ طلب کرلیاہے۔

چکوال(بیو رو رپورٹ)گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ڈھوک فیروز میں کلاسز کا حشر نشر کر دیا گیا۔ سکول کا نظام تعلیم بری طرح تباہ، ٹیچرز غائب رہنے لگیں۔ سکول صبح ایک گھنٹہ لیٹ کھلتا ہے ۔گزشتہ روز سکول کی طالبات جب سکول پہنچیں تو سکول بند تھا۔ سرکاری اوقات کار سے ایک گھنٹہ بعد سکول کھولا گیا۔ اس دوران سکول کی سینکروں طالبات باہر سڑک پر کھڑے ہو کر سکول کھلنے کا انتظار کرتی رہیں۔ سکول کا نظام مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔ ہیڈ مسٹریس کی ریٹائرمنٹ کے دن قریب ہیں اور وہ گزشتہ کئی ہفتوں سے صبح دو گھنٹہ لیٹ آتی ہیں اور چھٹی سے ایک گھنٹہ قبل تشریف لے جاتی ہیں۔ سکول کی زیادہ تر ٹیچرز سکول سے غائب رہتی ہیں ۔ایک سکول ٹیچرکی شادی اور دوسری سکول ٹیچر کی بیٹی کی شادی ہے مگر وہ شادی سے لمبا عرصہ پہلے ہی سکول میں حاضری لگا کر غائب ہو جاتی ہیں۔ ایک سکول ٹیچر کا والد فوت ہو چکا ہے۔ مگر چالیسواں گزرنے کے بعد موصوفہ چھٹی پر ہیں۔ جبکہ ایک سکول ٹیچر کی والدہ نے آنکھیں بنوائیں، موصوف نے اس دن سے سکول کی طرف رخ نہیں کیا۔مذکورہ ٹیچرز میں سے اکثر سکول میں حاضری لگا کر غائب ہو جاتی ہیں۔ سکول رجسٹر میں ان کی حاضری لگی ہوتی ہے اور موصوف گھر بیٹھی ہوتی ہیںَ جس سے سکول کانظام درہم برہم ہو چکا ہے جس پر والدین نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔کیونکہ سکول میں بدنظمی کی وجہ سے نہ صرف سکول تباہ ہو رہا ہے بلکہ طالبات کا قیمتی سال بھی برباد ہو رہا ہے۔

چکوال(بیو رو رپورٹ)محکمہ بہبود آبادی سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں ملازمین تنخواہوں کو ترس گئے اور انہیں گزشتہ کئی ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں۔ جس پر متاثرہ ملازمین نے احتجاجی مظاہرے کی دھمکی دی ہے۔ محکمہ بہبود آبادی کے پچیس میل اسسٹنٹ ،پچیس فی میل اسسٹنٹ ،پچیس چوکیدار ،پچیس فی میل ہیلپر ،پچیس ایف ڈبلیو ڈبلیو، پچیس انچارج ،باون کمیونٹی بیس ورکرز اور اے ڈی پی سکیم کے پچیس سنٹرز میں تعینات ملازمین گزشتہ تین ماہ سے تنخواہوں سے محروم چلے آ رہے ہیں۔ سولہ گھنٹے ڈیوٹی دینے والے مذکورہ ملازمین اپنی ذمہ داریاں صحیح طریقہ سے انجام دینے کے باوجود محکمہ کی عدم توجہی کا شکار ہو رہے ہیں ۔ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر وجاہت سمیت دیگر حکام کو کئی مرتبہ تحریری درخواستیں دی گئیں مگر موصوف نے کبھی ان درخواستوں پر غور نہیں کیا۔ متاثرین نے تحصیل چوک بلاک کرنے کی دھمکی دی ہے۔

چکوال(بیو رو رپورٹ)سنی تحریک ضلع چکوال نے حلقہ این اے65میں تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار میجر(ر) یعقوب کی حمایت کا اعلان کیاہے۔ سنی تحریک ضلع چکوال کے صدر ارسلان شوکت قادری نے گزشتہ روز تحریک لبیک کے رہنما سید تصدق منظور سے ملاقات کے دوران این اے65پر تحریک لبیک کے نامزد امیدوار میجر(ر) یعقوب کی حمایت کا اعلان کیا۔

چکوال(بیو رو رپورٹ)تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کے حلقہ این اے65کے ضمنی الیکشن کے سلسلہ میں دورے کے شیڈول کو حتمی شکل دیدی گئی۔حلقہ این اے65کے مختلف دیہاتوں میں تحریک لبیک کے 6انتخابی جلسے منعقد ہونگے۔ چھ اکتوبر کو بارہ بجے دن روپوال ،تین بجے دن جھاٹلہ اور آٹھ بجے رات ملتان خورد میں انتخابی اجتماعات
منعقد ہونگے۔ جن سے قائد ملت اسلامیہ علامہ خادم حسین رضوی خطاب کرینگے۔ سات اکتوبر کو لاوہ دن گیارہ بجے ،ترحدہ دن دو بجے اور تلہ گنگ شہر رات آٹھ بجے انتخابی جلسہ منعقد ہوگا، جس سے تحریک لبیک کے سربراہ خطاب کرینگے۔ علامہ خادم حسین رضوی آج دن گیارہ بجے بلکسر انٹرچینج پر پہنچیں گے جہاں پر تحریک لبیک کے کارکنان ان کا استقبال کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں