92

ملی مسلم لیگ نے حلقہ NA-53 میں پاکستان تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کردیا

اسلام آباد(پاکستان اپ ڈیٹس )ملی مسلم لیگ نے حلقہ NA-53 میں پاکستان تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کردیا۔ رہنما ملی مسلم لیگ عبد الرحمن مکی، چوہدری سعید گجرنے علی اعوان کی حمایت کا اعلان کیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار علی اعوان نے ملی مسلم لیگ کا شکریہ ادا کیا۔ آئی ایٹ میں ملی مسلم لیگ کے دفتر میں ہونے والی پریس کانفرنس میں رہنما ملی مسلم لیگ عبد الرحمن مکی نے حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملی مسلم لیگ14اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کے نامزد امیدوار علی نواز اعوان کی بھرپور حمایت کرے گی۔ہم اتحاد کی سیاست کو فروغ دیتے ہیں اور ملک میں خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔ ملی مسلم لیگ میدان میں نظریہ پاکستان کے احیاءکا مشن لے کر نکلی ہے۔ آج نظریہ پاکستان کو سابقہ حکمرانوں نے مسخ کردیا ہے۔ ملی مسلم لیگ کے قیام کے بعد پہلے ہی الیکشن میں ہم نے تقریبا ہر حلقے میں اپنے امیدوار کھڑے کئے۔ ملی مسلم لیگ انشااللہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھی حصہ لے گی اور بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ قومی اسمبلی کے حلقہ NA-53 میں پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار علی اعوان نے اس موقع پر ملی مسلم لیگ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم مل کر ساتھ چلیں گے۔ ہمیں بیرونی قوتوں سے ملک کو بچانا ہے اور پاکستان کو صحیح سمت میں ڈالنا ہے۔ تحریک انصاف نے حرمت رسول کے مسئلے میں اہم کردار ادا کیاہے۔ اس کے علاوہ پانی کے مسئلہ پر بھی ڈیم فنڈ کا اعلان کیا گیا ہے۔ غریب عوام کو پچاس ہزار کے قریب گھر بنا کر دینے کا اعلان بھی ہماری پالیسی کو واضح کرتا ہے۔صدر ملی مسلم لیگ اسلام آباد چوہدری سعید گوجر نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے جنرل الیکشن میں بھی حصہ لیا اور تین سو کے قریب امیدوار میدان میں اتارے اور بہت کم وقت میں ایک نمایاں مقام حاصل کیا۔ ہم نے ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لیا اس لیے کئی دوستوں کے کہنے پر ہم علی اعوان صاحب کی حمایت کا اعلان کررہے ہیں۔ علی احمد نواز اسلام آباد کے رہائشی ہیں لوگوں کے ساتھ مل جل کر رہنے والے ہیں اور ایک کارکن کی حیثیت سے ہیں۔ جماعتیں ایک دوسرے کی ذاتیات پر حملے کرتی رہیں لیکن ملی مسلم لیگ کا یہ شیوہ نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں