37

سعودی ولی عہد کا یو اے ای کے سرکاری دورے پر ابوظبی آمد پر پُرتپاک خیرمقدم

ابوظبی(پاکستان اپ ڈیٹس) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان عرب ملکوں کے دورے کے پہلے مرحلے میں متحدہ عرب امارات پہنچ گئے ہیں۔ابو ظبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔انھوں نے سعودی ولی عہد کا خیر مقدم کرتے ہوئے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’’ ہمیں سعودی عرب کے ساتھ اپنے گہرے تعلقات پر فخر ہے۔یو اے ای ہمیشہ سعودی عرب کا معاون ، محبّ اور مددگار رہے گا‘‘۔اس کے جواب میں شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا:’’سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی مفید تعاون اور شراکت داری دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے‘‘۔یو اے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے اعزاز میں ابوظبی کے صدارتی ہوائی اڈے پر آمد پر استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی جہاں سعودی عرب کا قومی ترانہ بجایا گیا اور معزز مہمان کو اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔اس موقع پر سعودی ولی عہد نے اپنے استقبال کے لیے موجود یو اے ای کے شیوخ ، وزراء اور اعلیٰ حکام سے مصافحہ کیا۔شیخ محمد بن زاید نے سعودی ولی عہد کے ساتھ آنے والے وفد میں شامل وزراء ، شہزادوں اور دوسرے اعلیٰ حکام سے مصافحہ کیا۔سعودی ولی عہد خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر مختلف عرب ملکوں کا یہ دورہ کررہے ہیں۔سعودی عرب کے شاہی دیوان کے ایک بیان کے مطابق’’ ولی عہد سعودی عرب کے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر تعلقات کو مضبوط بنانے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں ۔ وہ برادر ممالک کے ساتھ تعاون اور ابلاغ کا فروغ چاہتے ہیں،اس مقصد کے لیے وہ جمعرا ت کی شب مختلف عرب ممالک کے دورے پر روانہ ہوگئے ہیں‘‘۔ وہ متحدہ عرب امارات کے بعد دوسرے عرب ممالک کے دورے پر جائیں گے اور اس ماہ کے آخر میں ارجنٹینا کا دورہ کریں گے جہاں وہ گروپ 20 کے سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں