14

کرتارپورتقریب؛ پاک فوج نے آرمی چیف کی ملاقاتوں سے متعلق بھارتی پروپیگینڈا مسترد کردیا

راولپنڈی(پاکستان اپ ڈیٹس ) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے گوپال چاولہ کی ملاقات کوغلط رنگ دے رہا ہے۔ کرتار پور راہداری کے سنگ بنیاد کی تقریب میں بھارت سے آئے سکھ یاتریوں اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اس موقع پر پاکستان کی جانب سے وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ بھارتی سکھ یاتریوں نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ سے ہاتھ ملائے اور شکریہ ادا کیا تاہم دوسری جانب بھارتی میڈیا تاریخی تقریب کی تعریف کے بجائے روایتی تعصب اورہٹ دھرمی میں مگن رہا، خصوصاً آرمی چیف اورخالصتان تحریک کے کارکن گوپال چاولہ سنگھ کے مصافحہ میں بھارتی میڈیا کی دلچسپی رہی اور اس مصافحہ کو بھی منفی رنگ دے دیا گیا۔ بھارتی میڈیا کی ہٹ دھرمی پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی میڈیا گوپال چاولہ کی آرمی چیف سے ملاقات کوغلط رنگ دے رہا ہے، آرمی چیف نے شناخت کی پرواہ کئے بغیر سب مہمانوں سے ملاقات کی، امن کی کوشش کو پروپیگینڈا نہ بنایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں