195

وزیراعلیٰ پنجاب نے حلقہ پی پی20میں بجلی کی سکیموں سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے 40کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دیدی۔۔۔چکوال کی مزید خبریں

چکوال(عبدالغفور منہاس سے)وزیراعلیٰ پنجاب نے حلقہ پی پی20میں بجلی کی سکیموں سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے 40کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دیدی جس کے ڈائریکٹو جاری کر دئیے گئے ہیں۔ نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی چوہدری سلطان حیدر علی خان نے ضمنی الیکشن کے دوران حلقہ کے ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات کیے تھے اور انہوں نے وزیراعلیٰ سے درخواست کی تھی کہ انتخابی مہم کے دوران کئے جانے والے وعدے پورے کرنے کے لیے فنڈز فراہم کیے جائیں جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے حلقہ پی پی20میں بجلی کی سکیموں کے لیے 20کروڑ روپے ،چکوال شہر کی ترقیاتی سکیموں کے لیے10کروڑ روپے جبکہ متفرق سکیموں کے لیے 10کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دیدی۔ جس کے ڈائریکٹو جاری کر دئیے گئے ہیں۔مذکورہ چالیس کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں پرکام جلد شروع کر دیا جائے گا۔چوہدری سلطان حیدر علی خان نے بتایا کہ حلقہ پی پی بیس کی تعمیر و ترقی ان کا مشن ہے اور 2018ءکے انتخابات سے قبل مزید ترقیاتی فنڈز کے حصول کے لیے بھی کوششیں کی جائینگی تاکہ حلقہ کو ماڈل بنایا جا سکے۔

چکوال(بیو رو رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف نے2018ءکے انتخابات کے لیے ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا، اس ضمن میں پی ٹی آئی کے مقامی رہنما عامر نوید قاضی کے سیکرٹریٹ میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت پی ٹی آئی کے بانی رہنما ملک شاہد اقبال ایڈووکیٹ نے کی، اجلاس میں ملک محمد عرفان ،سیٹھ محمد عرفان اور دیگر رہنماﺅں نے بھی شرکت کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملک شاہد اقبال، ملک محمد عرفان ،عامر نوید قاضی اور دیگر کا کہنا تھا کہ 2018ءکے انتخابات میں پی ٹی آئی ضلع چکوال کی تمام چھ نشستوں پر نہ صرف اپنے امیدوار کھڑے کرے گی بلکہ مسلم لیگ ن کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔ رہنماﺅں کا کہنا تھا کہ ہم عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں اور جس امیدوار کو ٹکٹ جاری کیا جائے گا متفقہ اور متحد ہو کر اس کی انتخابی مہم چلائی جائے گی۔ رہنماﺅں نے پارٹی میں اختلافات کو رد کر دیا اور کہا کہ تحریک انصاف چٹان کی طرح مضبوط ہے اور اس میں کوئی اختلافات نہیں۔ قبل ازیں اجلاس میں طے پایا کہ شہر کی تمام 37وارڈز میں اجلاس منعقد کیے جائیں گے ہر جمعہ کو ایک وارڈ میں اجلاس منعقد ہوگا اور اجلاس میں ہفتہ وارکارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

چکوال(بیو رو رپورٹ) ڈیڑھ لاکھ روپے کا جعلی چیک دینے پر ایڈیشنل سیشن جج نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا، سمیع الحسن ولد محمد ایوب نے چوہدری نصیر ساکن بھیں کو ڈیڑھ لاکھ روپے کا جعلی چیک دیا تھا جو بینک اسلامی نے ڈس آنر کر دیا، جس پر چوہدری نصیر نے سمیع الحسن کے خلاف ایڈیشن سیشن جج کی عدالت میں پٹیشن دائر کی فاضل جج نے دلائل سننے کے بعد سمیع الحسن کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کر دئیے۔

چکوال(بیو رو رپورٹ) نئی حلقہ بندیوں کے نتیجے میں ضلع چکوال کی دو قومی اور چھ صوبائی اسمبلی کے انتخابی حلقے تبدیل کر دئیے گئے ہیں۔ حلقہ این اے 60اور61کو این اے 64اور65بنا دیا گیا ہے جبکہ پی پی20کو پی پی21،پی پی21کو پی پی22، پی پی22کو پی پی23اور پی پی23کو پی پی24میں تبدیل کر دیا گیا ہے، نئی حلقہ بندیوں کے نتیجہ میں مختلف دیہاتوں کی اکھاڑ پچھاڑ بھی کی گئی ہے اور تھانہ نیلہ کے علاقے و نیلہ روڈ کے علاقے پی پی22سے پی پی20کے ساتھ ملا دیئے گئے ہیں پی پی22کے ایم پی اے سردار ذوالفقار دلہہ کے آبائی علاقے سمیت متعدد دیہات پی پی بیس کے ساتھ ملائے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے سردار ذوالفقار دلہہ کا اکثریتی ووٹ بینک پی پی20کے ایم پی اے چوہدری سلطان حیدر علی خان کے کھاتے میں جا رہا ہے۔ اس حوالے سے 2018ءکے انتخابات میں سردار ذوالفقار دلہہ کا سیاسی مستقبل داﺅ پر لگ چکا ہے کیونکہ پی پی20کا ٹکٹ چوہدری سلطان حیدر علی خان کو ہی ملنا ہے اور سردار ذوالفقار دلہہ کے ہاتھ میں کوئی چیز نہیں آئے گی۔ تلہ گنگ کے علاقے سے بھی انہیں ٹکٹ ملنے کے کوئی امکانات نہیں ہیں۔

چکوال(بیو رو رپورٹ) عوامی تحریک کے ضلعی صدر سید سعید شاہ مشہدی نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، صوبائی صدر بریگیڈئیر مشتاق کے نام بھجوائے گئے استعفیٰ میں سعید شاہ مشہدی نے لکھا ہے کہ وہ ذاتی مصروفیات کی وجہ سے استعفیٰ دے رہے ہیں اور اب ان کا عوامی تحریک سے کوئی تعلق نہ ہے تاہم وہ تحریک منہاج القرآن کے ساتھ وابستہ رہیں گے۔

چکوال(بیو رو رپورٹ) بوگس انتقال کے جرم میں نائب تحصیلدار غلام عباس کو گرفتار کر لیاگیا، انٹی کرپشن راولپنڈی میں نائب تحصیلدار غلام عباس کے خلاف انکوائری کے بعد مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں