201

دھرنے کے نامزد تحریک لبیک کے آٹھ کارکنوں کی عبوری ضمانت قبل از گرفتاری کنفرم کر دی گئی،،، چکوال کی مزید خبریں

چکوال(بیو رو رپورٹ)آسیہ ملعونہ کی رہائی کے خلاف تحصیل چوک میں دئیے جانے والے دھرنے کے نامزد تحریک لبیک کے آٹھ کارکنوں کی عبوری ضمانت قبل از گرفتاری کنفرم کر دی گئی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چکوال محمد علی وڑائچ نے تحریک لبیک کی طرف سے نامزد دو رکنی وکلاءکونسل چوہدری سکندر ایڈووکیٹ اور محمد آصف ملک ایڈووکیٹ کے دلائل سننے کے بعد آٹھ کارکن ملزمان کی ضمانت کنفرم کر دی اور ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکے داخل کرانے کے احکامات جاری کیے۔جن کارکنان کی عبوری ضمانت کنفرم کی گئی ان میں معروف نعت خوان صوفی عبدالرزاق چشتی، سنی تحریک کے ارسلان قادری، مفتی وقاص، نعت خوان نعمان عادل قادری، حسن شاہ، توقیر رضوی اور حافظ مقصود شامل ہیں۔ سٹی پولیس نے19افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ قبل ازیں تحریک لبیک کے خلاف درج کیے جانے والے مقدمہ میں دہشت گردی کی دفعہ7ATAبھی شامل تھی مگر اہلسنت کے معروف رہنماﺅں علامہ عبدالحلیم نقشبندی اور حافظ ظہیر احمد نعیمی کی جدوجہد سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عادل میمن نے مذکورہ دہشت گردی کی دفعہ کو ختم کر دیا تھا جس پر تحریک لبیک کے کارکنان نے نئی ایف آئی آر کی روشنی میں فاضل عدالت میں عبوری ضمانت دائر کی تھی جسے کنفرم کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

چکوال(بیو رو رپورٹ)بغیر رجسٹریشن اور نمبر پلیٹ کے موٹر سائیکل اور رکشہ کی فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی۔ بغیر نمبر کے اگر کوئی رکشہ یا موٹر سائیکل پکڑاگیا تو فروخت کرنے والے اور شوروم مالک کے خلاف بھی تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی اس ضمن میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عادل میمن کی ہدایات پر موٹرسائیکل شوروم مالکان کو نوٹس جاری کر دئیے گئے ہیں۔نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ کوئی بھی موٹر سائیکل اور رکشہ بغیر رجسٹریشن کے فروخت نہیں کیا جاسکے گا۔اگر کوئی موٹر سائیکل پولیس قبضہ میں لیاگیا اور وہ بغیر نمبر کے پایا گیا تو موٹر سائیکل ضبط کرنے کے ساتھ ساتھ موٹر سائیکل شوروم کے مالک اور ڈیلر کے خلاف بھی ضابطہ کی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

چکوال(بیو رو رپورٹ)ٹریفک قوانین سے آگاہی کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کی قیادت میں ٹریفک پولیس نے آگاہی مہم چلائی ،اس موقع پر عوام میں پمفلٹ تقسیم کیے گئے ۔ٹریفک قوانین سے آگاہی کے بارے میں چلائی جانے والی مہم میں انچارج ضلع ٹریفک انسپکٹر ملک ندیم ، ایم ایم پی آئی ٹریفک انسپکٹر محمد عاشق اور ٹریفک انسپکٹر امجد مجید بھٹی کے علاوہ ٹریفک پولیس کے افسران اور اہلکاروں نے حصہ لیا۔ اس موقع پر عوام اور میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے عادل میمن نے بتایاکہ ٹریفک قوانین عوام کی جانوں کے تحفظ کے لیے ہیں اور ان پر عمل کر کے ہی حادثات سے بچا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ٹرانسپورٹروں سے اپیل کی کہ وہ غلط پارکنگ نہ کریں اپنے اور دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کریں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ضلع چکوال کو خوبصورت محفوظ اور پرامن بنانے میں چکوال پولیس کا ساتھ دیں۔

چکوال(بیو رو رپورٹ)چکوال انجینئرز فورم نے سال2019ءکے لیے ضلع چکوال سے تعلق رکھنے والے دس مستحق طلباءکی مالی معاونت کے لیے تین لاکھ روپے کی منظوری دیدی۔ سیکرٹری جنرل چکوال انجینئرز فورم انجینئر ابرار نے بتایا کہ چکوال انجینئرز فورم نے انجینئرنگ یونیورسٹی کے دس مستحق طلباءکی مالی معاونت کے لیے تین لاکھ روپے کے فنڈز منظور کیے ہیں اور ان تمام دس طلباءکا تعلق ضلع چکوال کی چاروں تحصیلوں سے ہے۔ تحصیل چکوال کے چار،تحصیل چوآسیدن شاہ کے چار، تحصیل تلہ گنگ کا ایک اور تحصیل کلرکہار کا بھی ایک طالب علم شامل کیاگیاہے۔

چکوال(بیو رو رپورٹ)تھانہ صدر چکوال کے علاقے کھوکھر زیر میں گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہو کر نوجوان نے گلے میں پھندہ ڈال کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ متوفی کی بہن کا ایک روز قبل انتقال ہواتھا۔ تصور نامی نوجوان جو کہ کھوکھر زیر کا رہائشی بتایا جاتا ہے گھریلو حالات کی وجہ سے پریشان رہتا تھا اور اس کی ایک بہن جو جگر کے کینسر میں مبتلا تھی ایک روز قبل ہی انتقال کر گئی تھی جس پر نوجوان تصور نے دلبرداشتہ ہو کر گلے میں پھندہ ڈال کر خود کشی کر لی۔ پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاءکے حوالے کر دی اور مقدمہ درج کرلیا۔

چکوال(بیو رو رپورٹ)گزشتہ روز سپریم کورٹ آف پاکستان میں نیب کی طرف سے دائر کردہ اپیل برخلاف میاں محمد نواز شریف کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے بعد لارجر بینچ نے میاں محمد نواز شریف کے حق فیصلہ دے دیا اور نیب کی اپیل خارج ہو گئی اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی زیر سماعت اپیلیں میاں محمد نواز شریف کے حق میں ہو گئی کیونکہ جھوٹے واقعات پر بدنیتی پر مبنی مقدمات قائم کیے گئے ہیں ان خیالات کا اظہار ضلعی صدر مسلم لیگ ن لائرز ونگ چکوال چوہدری غلام جیلانی منہاس ایڈووکیٹ نے ڈیرہ چوہدری شیر خان پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے کہ میاں محمد نواز شریف پاکستانی عوام کے دلوں کی دھڑکن ہے موجودہ حکومت معاشی پالیسی دینے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے اور آج پاکستانی عوام مسلم لیگ ن کے سنہری دور کو یاد کر رہے ہیں۔ موسم سردی میں بھی آٹھ آٹھ گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا مشکل کر دیا ہے گیس کا بحران پیدا ہو چکا ہے ان تمام مسائل سے میاں محمد نواز شریف ہی قوم کو آزاد کر سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں