74

سعودی ولی عہد کے شاہی طیارے کاپاکستانی حدو د میں داخل ہوتے ہی شایان شان استقبال ، جے ایف تھنڈر 17اور ایف 16طیاروں نے حصار میں لے لیا

اسلام آباد (پاکستان اپ ڈیٹس ) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان پاکستان کے پہلے دوروزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ، شاہی طیارے پاکستانی حدو د میں داخل ہوتے ہی شایان شان استقبال ، جے ایف تھنڈر 17اور ایف 16طیاروں نے حصار میں لے لیا۔تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد کے شاہی طیار ے کاپاکستانی حدود میں داخل ہوتے ہی شایان شان استقبال کیاگیا، پاک فوج کے جے ایف تھنڈر 17اور ایف 16طیاروں نے حصار میں لے لیا ،کچھ دیر بعدسعودی ولی عہدکا طیارہ نور خان ائر بیس پر لینڈ کرے گا جہاں وزیر اعظم عمران خان ولی عہد کا استقبال کرنے کیلئے کابینہ سمیت موجود ہیں۔سعودی ولی عہد کی آمد سے قبل سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر اسلام آباد پہنچے ہیں، ان کا استقبال وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کیا،سعودی وزیر خارجہ سے قبل شاہی ڈاکٹرز، سکیورٹی اور دیگر عملے پر مشتمل 221 افراد پہلے ہی پاکستان پہنچ چکے ہیں، اس سلسلے میں سعودی عرب سے اب تک 7 جہاز نورخان ائیربیس پر لینڈ کرچکے جب کہ ان میں 2 واپس روانہ بھی ہوگئے ہیں۔ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو 3 لئیرز باکس سکیورٹی فراہم کی جائے گی، راولپنڈی نور خان ائیربیس سے وزیراعظم ہاوس تک باکس سکیورٹی مشترکہ طور پر کمانڈ پاک فوج اور شاہی گارڈز کے سپرد ہوگی، فضائی نگرانی کے ساتھ ساتھ بلند عمارتوں پر اہلکار تعینات ہوں گے۔جڑواں شہروں کی اہم شاہراہوں پر شاہی مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے بڑے بڑے بل بورڈز نصب کردئیے گے ہیں جبکہ وی وی آئی پی روٹ پر پاکستانی اور سعودی پرچم بھی لگادئیے گئے ہیں۔ وزیراعظم ہاوس میں وزیراعظم عمران خان اورسعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی باضابطہ ملاقات ہوگی اور شام میں دونوں ممالک کے مابین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔سعودی ولی عہد کو وزیراعظم ہاوس میں ہی عمران خان عشائیہ دیں گے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چیئرمین سینیٹ سے ملاقات وزیر اعظم ہاوس میں ہی ہوگی جب کہ صدر عارف علوی 18 فروری کو سعودی ولی عہد کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔ ایوان صدر کے ظہرانے میں سعودی ولی عہد کا 100 رکنی وفد شریک ہوگا، ظہرانے میں وزراءاور اہم شخصیات کو بھی دعوت دی گئی ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں