122

کشمیری بھارت سے آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔ان کا نعرہ ہے کہ پاکستان ہمارا ہے:سینیٹر سراج الحق

اسلام آباد (پاکستان اپ ڈیٹس )امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان اصل مسئلہ کشمیر کا ہے ۔ کشمیری بھارت سے آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔ان کا نعرہ ہے کہ پاکستان ہمارا ہے ۔ او آئی سی مسلمان ممالک کا پلیٹ فارم ہے ۔ او آئی سی کے اجلاس میں اگر بھارتی وزیر خارجہ شریک ہوتی ہے تو ہمیں اجلاس کا بائیکاٹ کرنا چاہیے ۔اگر ہم انڈیا کو او آئی سی کے اجلاس میں شرکت سے نہیں روک سکتے تو عالمی سطح پر کیا کریں گے ۔ حکومت فوری طور پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اور آل پارٹیز کانفرنس بلا کر موجودہ حالات پر وسیع تر مشاورت کرے ۔ ان خیالات کااظہار انہو ں نے اسلام آباد میں میڈیا کے مرکزی و صوبائی ذمہ داران کے پلاننگ اجلاس سے خطاب اور قبل ازیں پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ پلاننگ اجلاس میں نائب امیر میاں محمد اسلم ، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف ، شاہد شمسی اور شکیل ترابی نے بھی شرکت کی ۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ بھارت پاکستان اور کشمیریوں کے ساتھ مذاکرات کرے ۔ اگر اس نے جنگ مسلط کی تو اس کا نام صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا ۔پاکستان کے بائیس کروڑ عوام اپنی فوج کے ساتھ ہیں ۔ بھارت کے اگلے پچھلے تمام حساب بے باک کردیں گے ۔ دنیا اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ روکنا چاہتی ہے تو اسے کشمیر کا مسئلہ حل کرنا ہوگا ۔ مودی انتخابات میں شکست سے بچنے کے لیے پاکستان پر جنگ مسلط کرناچاہتاہے ۔ اگر انڈیا نے کوئی ایسی حرکت کی تو اسے وہ سبق سکھائیں گے کہ وہ کبھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کرے گا ۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ بھارت پاکستان پر حملہ کرناچاہتاہے لیکن ہماری حکومت چپ سادھے بیٹھی ہے ۔ بات کر کے مکر جانے کا فن وزیراعظم سے سیکھا جاسکتاہے ۔ حکومت نے ابھی تک قوم سے کیا گیا کوئی ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا ۔ موجودہ حالات میں پوری قوم میں اتحاد و یکجہتی ضروری ہے ۔ بھارت کے خلاف پوری قوم متحد ہے لیکن حکومت سیاسی جماعتوں کو کسی مشاورت میں شریک نہیں کر رہی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں