43

بھارتی جارحیت کے بعد مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہو گیا ہے: صاحبزادہ حامد رضا

لاہور(پاکستان اپ ڈیٹس )سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ملک کو”انسداد کرپشن میثاق“ کی ضرورت ہے۔ پاکستان کو درپیش خطرات کے مقابلہ کے لئے محب وطن طبقات متحد ہو جائیں۔ پاکستان میں حکومت کرنے والے کا علاج بھی پاکستان میں ہونا چایئے۔ بھارتی جارحیت کے بعد مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہو گیا ہے۔ محکوم کشمیری قوم حق خود ارادیت سے محروم اور عالمی برادری سے مایوس ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے پاوں اکھڑنے لگے ہیں۔ افغانستان میں معصوم پاکستانیوں کا قتل قابل مذمت ہے۔ عشق پاکستان کے جذبے کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ اپنے فوجیوں کی لاشوں پر سیاست نے مودی کو رسوا کر دیا ہے۔ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد قومی مفاد کا تقاضا ہے۔ عالمی برادری بھارت کو اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرنے پر مجبور کرے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر طارق ولی چشتی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے علماءو مشائخ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ الزام اور انتقام کی سیاست کو دفن کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ جنگی حالات میں ملک کو انتشار نہیں اتحاد کی ضرورت ہے۔ حکومت اور اپوزیشن مزاحمت کی بجائے مفاہمت کا رویہ اختیار کر کے ملکی سلامتی کے لئے مشترکہ کوششیں کریں۔ بدعنوانی اور بدزبانی کو سیاست سے خارج کرنا ہو گا۔ پاکستان بنانے والے مشائخ کے وارثین کو متحد کر کے انقلاب نظام مصطفے کی جدوجہد تیز کریں گے۔ ملک کی سالمیت کو سنگین خطرات درپیش ہیں۔ ان حالات میں سیاسی اختلافات کو بھلانے کی ضرورت ہے تاکہ متحد ہو کر بھارت کی پاکستان دشمن سازشیں ناکام بنائی جا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں