96

کوئٹہ میں کشت وخون نے عالمی ضمیر کوغمزدہ کردیا: محمدناصراقبال خان

لاہور(پاکستان اپ ڈیٹس ) انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے مرکزی صدرمحمدناصراقبال خان، سیکرٹری جنرل محمدرضاایڈووکیٹ ،سینئر نائب صدور ناصرقریشی،شیخ طلال امجد ،تنویرخان ، مخدوم وسیم قریشی ایڈووکیٹ،میاں زاہدلطیف، محمداشرف عاصمی ایڈووکیٹ ،سلمان پرویز،مرکزی نائب صدور ناصرچوہان ،ممتاز اعوان ،محمد شاہد محمود ،صدرنیویارک محمدجمیل گوندل،صدربلوچستان کامران خان بازئی ،صدر پنجاب محمدیونس ملک ، صدر مدینہ منورہ سرفرازخان نیازی،صدرکراچی یونس میمن ،صدر چنیوٹ راناشہزادٹیپو اورصدرٹیکسلا سردارمنیراختر نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں کشت وخون نے پاکستانیوں سمیت عالمی ضمیر کوغمزدہ کردیا۔ہم ہزارہ برادری کے غم کی شدت محسوس کررہے ہیں ۔دنیا کاہرباشعور فرد اورطبقہ کوئٹہ میں خودکش حملے کی مذمت کررہا ہے۔ سانحہ کوئٹہ میں جام شہادت نوش کرنیوالے شہریوں کے ورثا کوپنجاب سمیت چاروں صوبوں کے عوام تنہا نہیں چھوڑیں گے،ریاست ماں کی طرح ان کی اشک شوئی کرے گی ۔معصوم شہریوں کونشانہ بنانیوالے دہشت گردوں اوران کے آقاﺅں کودنیا کی کوئی طاقت قانون کی گرفت سے نہیں بچاسکتی ۔بلوچستان مادروطن پاکستان کابازو ،دشمن کے کاری حملے اسے کاٹ نہیں سکتے ۔بلوچستان انتہائی مضبوطی سے پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔بلوچستان میں رونماہونیوالے دہشت گردی کے پچھلے اندوہناک واقعات کے ڈانڈے بھی بھارت سے جاملتے ہیں جبکہ کوئٹہ کا حالیہ دلخراش سانحہ بھی دشمن ملک کی بزدلی کاشاخسانہ ہے۔ وہ ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔محمدناصراقبال خان ،محمدرضاایڈووکیٹ ،ناصرقریشی،شیخ طلال امجد اورمخدوم وسیم قریشی نے مزید کہا ہے کہ کسی بھی سانحہ میں شہید ہونیوالے قومی ہیروبن جاتے ہیں جبکہ نقاب پوش دہشت گرد بے نام ونشان رہتا ہے ۔ عالمی ضمیر کے نزدیک دہشت گرد نفرت کی علامت ہیں ،دنیا کاہرباضمیر انسان امن وآشتی کاخواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے اب تک اپنے فوجی جانبازوں سمیت ہزاروں پیاروں کے جنازے اٹھانے کے باوجودامن کادامن اپنے ہاتھوں سے نہیں چھوڑا ۔پاکستان میںپائیدارامن پاکستانیوں کاخواب ہے جوعنقریب شرمندہ تعبیر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امن کی بحالی کیلئے پاک فوج کی انتھک جدوجہد کوپایہ تکمیل تک پہنچاناہم پاکستانیوں کابھی فرض اورہماری مادروطن کاہم پرقرض ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں