85

خصوصی افرادکواپریل میں نوکری دیں گے،وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ

کراچی(پاکستان اپ ڈیٹس ) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے خصوصی افراد (معذور)کو یقین دلایا کہ حکومت انہیں اپریل میں سرکاری نوکریاں دے گی جس کے لیے انہوں نے چیف سیکریٹری سندھ کو اس حوالے سے کام کی رفتار کو تیز کرنے کے لیے ضروری ہدایات جاری کردی ہیں ۔انہوں نے یہ بات آج وزیر اعلیٰ ہائوس میں خصوصی افراد کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کا سرکاری ملازمتوں میں 2فیصد کوٹہ تھا جسے انہوں نے بڑھا کر 5 فیصد کردیاہے ۔انہوں نے کہا کہ مجموعی طورپر بھرتیوں کا عمل کو وقت درکار ہوتاہےلہٰذا خصوصی افراد کے لیے علیحدہ سے پروسیس شروع کردیا گیا ہے اور اب ان کے انٹرویو بھی تقریباً ہوچکے ہیں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ خصوصی افراد کو اُن کی بنیادی قابلیت کے مطابق روزگار کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آپ کو کوئی فیور نہیں دے رہے ہیں بلکہ یہ آپ کا حق ہے کہ آپ بھی قابلِ احترام زندگی گزاریں اور ہمارے موثر شہری بنیں اور یہی وجہ ہے کہ آ ج میں آپ لوگوں کے ساتھ چھٹا اجلاس منعقد کررہاہوں۔خصوصی افراد نے وزیر اعلیٰ سندھ کا تعاون اور ذاتی دلچسپی لینے پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔وزیر اعلیٰ سندھ نے خصوصی افراد کے ساتھ ملاقات کے بعد صوبائی وزراء جام مہتاب ڈھر، ڈاکٹر سکندر میندھرو، چیف سیکریٹری سندھ رضوان میمن اور مختلف محکموں کے سیکریٹریز کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کے انٹرویو کا عمل تقریباً مکمل ہوچکاہے ۔انہوں نے چیف سیکریٹری سندھ سے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ آپ خصوصی افراد کے لیے مختص کردہ 5فیصد کوٹے کے مطابق محکمے کے حساب سے خالی اسامیوں پر کام کریں تاکہ انہیں میرٹ پر آفر آرڈر جاری کیے جاسکیں ۔وزیر اعلیٰ سندھ نے تما صوبائی محکموں کے سیکریٹریز کو بھی ہدایت کی کہ وہ خالی اسامیوں پر کام کریں اور اُسے چیف سیکریٹری سندھ کے حوالے کریں ۔انہوں نے کہا کہ ہم خصوصی افراد کو خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر ملازمتیں دینے جارہے ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں